گرمائی تعطیلات کے باعث یاتریوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ، کٹرا میں غیر معمولی رش
عظمیٰ نیوزسروس
جموں/ /جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی کے قصبہ کٹرا کی تریکوٹا پہاڑیوں میں واقع مقدس شری ماتا ویشنو دیوی شرائن میں رواں ماہ کے پہلے ہفتے کے دوران تین لاکھ سے زائد عقیدت مندوں نے حاضری دی۔سرکاری حکام کے مطابق ملک بھر کے اسکولوں اور کالجوں میں گرمیوں کی تعطیلات شروع ہونے کے بعد کٹرا میں زائرین کی آمد میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔حکام نے بتایا کہ جون کے پہلے ہفتے میں تین لاکھ سے زیادہ یاتریوں نے ماتا ویشنو دیوی کے دربار میں حاضری دی۔ ان کے مطابق تعطیلات کے باعث یاتریوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق یکم جون کو 37,100، 2 جون کو 40,200، 3 جون کو 40,300، 4 جون کو 40,000، 5 جون کو 42,500، 6 جون کو 47,500، 7 جون کو 48,300 جبکہ 8 جون کو 48,500 عقیدت مندوں نے مقدس غار میں درشن کیے۔حکام نے بتایا کہ یاتریوں کے بے پناہ رش کے باعث کئی مواقع پر رجسٹریشن مراکز کو مقررہ وقت سے قبل بند کرنا پڑا۔ 6 جون کو رجسٹریشن کاؤنٹرز رات 8 بجے بند کر دیے گئے جو معمول کے وقت سے دو گھنٹے پہلے تھا، جبکہ اتوار کے روز تمام رجسٹریشن مراکز شام تقریباً 7 بجے ہی بند کر دیے گئے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل گرین ٹریبونل کی ہدایات کے مطابق شرائن بورڈ روزانہ 50 ہزار سے زائد یاتریوں کو یاترا کی اجازت نہیں دے سکتا، اسی لیے احتیاطی اقدام کے طور پر رجسٹریشن مراکز جلد بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ادھر آن لائن پیشگی بکنگ کے ذریعے ہوٹلوں، کٹرا سے سانجھی چھت تک ہیلی کاپٹر سروس، اردھ کنواری سے بھون تک بیٹری کار سروس اور روپ وے کی بیشتر نشستیں تقریباً مکمل طور پر بک ہو چکی ہیں۔یاتریوںکی بڑھتی ہوئی تعداد کو منظم انداز میں سنبھالنے کے لیے شرائن بورڈ تینوں غاروں کے ذریعے درشن کی سہولت فراہم کر رہا ہے تاکہ عقیدت مندوں کو کم سے کم وقت میں زیارت کا موقع مل سکے۔دریں اثنا، ماتا ویشنو دیوی یاترا کے بیس کیمپ کٹرا میں کاروباری سرگرمیوں میں بھی نمایاں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ یاتریوں کی بڑھتی ہوئی آمد کے باعث ہوٹل، ریستوران، ٹرانسپورٹ اور دیگر تجارتی شعبوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔مقامی ہوٹل مالکان کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال پہلگام میں دہشت گرد حملے، آپریشن سندور، بادل پھٹنے کے واقعات اور اگست میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے باعث مذہبی سیاحت متاثر ہوئی تھی، تاہم طویل عرصے بعد کٹرا میں دوبارہ زائرین کا بڑا رش دیکھنے کو مل رہا ہے جو مقامی کاروباری برادری کے لیے خوش آئند ہے۔ایک مقامی ہوٹل مالک نے کہا کہ ’’کافی عرصے بعد کٹرا میں یاتریوں کا اتنا بڑا ہجوم دیکھنے کو ملا ہے اور اس سے مقامی تاجروں اور سیاحتی صنعت کو نمایاں فائدہ پہنچ رہا ہے۔‘‘