یو این آئی
واشنگٹن//وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ خطے میں پھیلنے کے تناظر میں امریکہ مشرق وسطیٰ سے اپنے شہریوں کے انخلا کے لیے ہنگامی اقدامات کر رہا ہے ۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی کا کہنا تھا کہ فی الحال شہریوں کو خطے سے نکالنے کے لیے فعال کوششیں نہیں کی جارہیں۔امریکہ کی جانب سے اسرائیل کو مشورہ دیا گیا ہے کہ غزہ پر ممکنہ زمینی حملے کو ملتوی کرنا مددگار ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ امریکہ اور خطے کے دیگر شراکت دار حماس کی جانب سے یرغمال بنائے گئے اسرائیلی
شہریوں کی رہائی کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔غزہ میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور امریکی صدرجو بائیڈن کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے ،اس دوران اسرائیل حماس جنگ کے تناظر میں تنازعے کے پھیلاؤ کو روکنے پر اور خطے میں استحکام کیلئے سفارتی کوششیں بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔