عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
غزہ //فلسطینی وزارت صحت کہا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان شروع ہونے والی جنگ کے آٹھویں دن غزہ میں بمباری اور مقبوضہ مغربی کنارے میں جھڑپوں کے دوران شہید ہنے والوں کی تعداد بڑھ کر 2,269 ہو گئی۔ جن میں 724 بچے اور 458 خواتین شامل ہیں،9,814افراد زخمی ہوئے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 1,400 اور زخمیوں کی تعداد 3,000 ہو گئی۔جرمن وزیر خارجہ اینالینا بئربوک نے گزشتہ روز اسرائیل میں حماس پر الزام عائد کیا کہ وہ غزہ کے رہائشیوں کو ’ڈھال‘ کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، جہاں اسرائیل نے پانی، ایندھن اور خوراک کی سپلائی بند کر دی ہے۔امریکی صدر جو بائیڈن نے حماس کے حملے کے بعد سے لاپتا ہونے والے 14 امریکیوں کے اہل خانہ سے گفتگو کی۔انہوں نے کہا کہ ہم انہیں تلاش کرنے کے لیے اپنی صلاحیت کے مطابق ہر ممکن کوشش کرنے والے ہیں۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ غزہ میں بڑھتے ہوئے انسانی بحران سے نمٹنا ترجیح ہے، فلسطینیوں کی اکثریت کا حماس اور اس کے خوفناک حملوں سے کوئی تعلق نہیں ہے اور اس حملے کے نتائج انہیں بھے بھگتنے پڑ رہے ہیں۔فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہروں کے ساتھ مشرق وسطیٰ اور اس سے باہر کشیدگی بڑھ چکی ہے، دوسری جانب اسرائیل کو لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ علیحدہ تصادم کا خطرہ ہے۔’رائٹرز‘ سے وابستہ ایک ویڈیو جرنلسٹ مارا جا چکا ہے جبکہ اسرائیل کے قریب جنوبی لبنان میں سرحد پار سے ہونے والی گولہ باری میں اے ایف پی، رائٹرز اور الجزیرہ سے وابستہ 6 دیگر رپورٹرز زخمی ہوچکے ہیں۔
فلسطینیوں کی ’واضح منتقلی‘ کی اطلاعات | اسرائیل کا مزید کارروائی کا انتباہ
عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
غزہ //اسرائیلی فوج نے کہا ہے اس نے غزہ کے مکینوں کو انخلا کا حکم دینے کے ایک روز بعد شہریوں کی جنوبی غزہ کی جانب ’نمایاں منتقلی‘ دیکھی ہے جبکہ اسرائیلی وزیراعظم نے حماس کے خلاف مزید کارروائی کا انتباہ دیا ۔شدید بمباری کے دوران پھنسے فلسطینیوں کو بجلی کی بندش، خوراک اور پانی کی قلت کا سامنا ہے، امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ غزہ میں انسانی بحران پر علاقائی حکومتوں کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔اسرائیل نے حملے کے بعد سے حماس کے زیر انتظام غزہ کی پٹی کومکمل محاصرے میں لے رکھا ہے اور اس پر بدترین فضائی حملے کیے ہیں۔گزشتہ روز شمالی غزہ کے 10 لاکھ سے زیادہ باشندوں کو اسرائیل کی جانب سے 24 گھنٹوں کے اندر جنوبی غزہ جانے کا الٹی میٹم دیا گیا تھا، یہ الٹی میٹم صبح 5 بجے (مقامی وقت کے مطابق 2 بجے) پورا ہوچکا۔اسرائیلی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل جوناتھن کونریکس نے کل علی الصبح ایک ویڈیو بریفنگ میں بتایا کہ ہم نے فلسطینی شہریوں کی جنوب کی جانب نمایاں نقل و حرکت دیکھی ہے۔