راجوری//راجوری میں وزیر جنگلات چودھری لعل سنگھ کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں’’ لعل سنگھ کو ہٹائو۔ جنگلات ایکٹ لگائو‘‘کے نعرے لگائے گئے ۔ ریلی کا اہتمام آل ٹرائبل کوآرڈی نیشن کمیٹی نے کیا۔اس ریلی میں گفتار چودھری ، طالب چودھری ،ظہیر چودھری، نزاکت کھٹانہ ، تعظیم ڈار، عرفان انجم ،شہزاد،ذیشان ،لیاقت اور آفتاب بھی موجود تھے ۔ریلی کے شرکاء نے کہاکہ صوبہ جموںکے مختلف مقامات سے خاندہ بدوش طبقہ کو بے گھرکرنے کا سلسلہ جاری ہے اور یہ سب کچھ وزیر جنگلات اورآر ایس ایس کے اشاروں پر ہورہاہے ۔ انہوںنے کہاکہ ایک مخصوص طبقہ کو نشانہ بنایاجارہاہے جسے وہ ہر گز برداشت نہیں کریںگے ۔احتجاجی ریلی ڈاک بنگلہ راجوری سے شروع ہوکرمنڈی چوک میں اختتام پذیر ہوئی ۔اس موقعہ پر گفتار احمداور ظہیر احمد نے کہا کہ وزیر جنگلات خانہ بدوش طبقہ کو نشانہ بنارہے ہیں جو سراسر ناانصافی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر یہ سلسلہ بند نہ ہواتو حالات کی ذمہ دار بھاجپا اور پی ڈی پی سرکار پر عائد ہوگی ۔ انہوں نے خطہ پیر پنجال کے سیاسی لیڈران سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایل اے راجوری کی طرف سے اسمبلی میں 2006جنگلات ایکٹ کی منظوری کے لئے بل جمع کرایا جارہاہے جس پر تعاون دیاجائے اور اس بل کو منظورکرواکے بے گھر خانہ بدوش کنبوںکو راحت پہنچائی جائے ۔ انہوںنے وزیر اعلیٰ پر زور دیاکہ وہ جموں کی مسلم برادری کا خیال رکھیں اور اسے بھاجپا کے رحم و کرم پر نہ چھوڑاجائے ۔