جوہانسبرگ/جنوبی افریقہ کی ٹیم دو ٹسٹ میچ اور تین ٹوئنٹی20 میچ کھیلنے کے پیش نظر آئندہ سال جنوری ۔ فروری میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ جنوبی افریقہ کا 14 سال کے طویل عرصہ کے بعد پاکستان کا دورہ ہوگا۔ جنوبی افریقہ سال 2007کے بعد پاکستان کے دورہ پر جارہی ہے۔ ٹیم 16 جنوری کو کراچی پہنچے گی اور وہاں کوارنٹین میں وقت گزارنے کے بعد نیشنل اسٹیڈیم میں 26جنوری سے شروع ہورہے پہلے ٹسٹ میچ کا حصہ بنے گی۔کرکٹ جنوبی افریقی (سی ایس اے ) کے ڈائریکٹر سابق کپتان گریم اسمتھ نے کہا ، ‘‘ یہ بات انتہائی خوش آئند ہے کہ کئی کرکٹ کھیلنے والے ممالک پاکستان کا دورہ کررہے ہیں۔ سی ایس اے ان ممالک کی فہرست میں شامل ہونے پر خوش ہے ۔ میں بطور کھلاڑی ایک سے زیادہ مرتبہ پاکستان کا دورہ کرچکا ہوں اور میں پاکستانی کے کھیل کے تئیں جنون اور محبت سے پوری طرح واقف ہوں ۔جنوبی افریقہ کی ٹیم 16 جنوری کو کراچی پہنچے گی جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں ی سیریز کھیلی جائے گی جو ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہو گی۔سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 26 سے 30 جنوری تک کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ممالک کے مابین دوسرا ٹسٹ میچ راول پنڈی میں چار فروری کو کھیلا جائے گا۔اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 11، 13 اور 14 فروری کو تین ٹی20 میچوں کی سیریز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔2009میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں ہوئے دہشت گرد حملے کے بعد سے پاکستان پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے اور اس کے بعد 10 سال تک پاکستان نے ٹیسٹ میچ کی میزبانی نہیں کی تھی لیکن 2015 سے حالات آہستہ آہستہ تبدیل ہوئے ہیں اور ایک مرتبہ پھر سے وہاں بین الاقوامی کرکٹ کی شروعات ہوگئی ہے ۔ گزشتہ 15 مہینے میں سری لنکا ، بنگلہ دیش اور زمبابوے نے پاکستان میں کرکٹ سیریز کھیلی ہے ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 1995 سے اب تک کُل 11 ٹیسٹ سیریز کھیلی جا چکی ہیں جس میں سے جنوبی افریقہ نے 7 میں فتح حاصل کی جبکہ پاکستان اب تک صرف ایک سیریز جیتنے میں کامیاب رہا جو 2003 میں کھیلی گئی تھی۔یہ پہلا موقع ہو گا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پاکستان میں ٹی20 سیریز کھیلی جائے گی جہاں اس سے قبل متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی دونوں سیریز جنوبی افریقہ کی ٹیم جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے کہا کہ جنوبی افریقہ کا دورہ پاکستان اور تین مختلف شہروں میں میچ کھیلنے پر رضامندی ظاہر کی ہے جو پاکستانی شائقین کے لیے خوش آئند خبر ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ بات انتہائی خوش آئند ہے کہ پاکستان 2021 کا آغاز جنوبی افریقہ کی میزبانی سے کرے گا اور اسی سال ہمیں ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی میزبانی بھی کرنی ہے اور پھر پاکستان کو ایشیا کپ اور ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت بھی کرنی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 2020 کا سال انتہائی چیلنجنگ تھا لیکن اس کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ 21-2020 کے 60فیصد میچز کا اب تک کامیابی سے انعقاد کر چکا ہے اور ہم کووڈ-19 پروٹوکولز کے تحت اس سیریز کے لیے تمام لاجسٹک انتظامات مکمل کر لیں گے ۔ کپتان بابر اعظم نے جنوبی افریقی ٹیم کے دورہ پاکستان پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع ہو گا کہ وہ ہوم گراؤنڈ پر کرکٹ کے سب سے اہم فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کریں گے۔