عظمیٰ نیوزسروس
ڈوڈہ//جنرل اوبزور آدتیہ نیگی نے آئندہ اسمبلی اِنتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں اسمبلی حلقوں اسمبلی حلقہ ڈوڈہ اور اسمبلی حلقہ ڈوڈہ ویسٹ میںعسر سب ڈویژن میں پولنگ سٹیشنوں کا تفصیلی معائینہ کیا۔اِس دورے کا مقصد اِنتخابی عمل کے آسان اِنعقاد کو یقینی بنانا اور آئندہ اِنتخابات کے لئے تمام مطلوبہ معیارات پر پورا اُترنے کے لئے پولنگ سٹیشنوں کی تیاریوں کی تصدیق کرنا تھا۔جنرل اوبزور آدتیہ نیگی نے ہر پولنگ سٹیشن پر اِنتظامات کا بغور جائزہ لیا جس میں رسائی، حفاظتی اقدامات اور مجموعی بنیادی ڈھانچہ شامل ہے۔ اُنہوں نے تمام رائے دہندگان بالخصوص بزرگوں اور جسمانی طور خاص اَفراد کے لئے بغیر کسی رُکاوٹ کے ووٹنگ کی ضرورت پر زور دیا اور متعلقہ اِفسران کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام پولنگ سٹیشنوں کو ضروری سہولیات سے مکمل طور پر لیس کیا جائے۔بعد میںاُنہوںنے اسر میں پولنگ سٹیشنوں پر منعقد شجر کاری مہم میں بھی حصہ لیا۔متعدد پولنگ سٹیشنوں پرماحولیاتی استحکام کو فروغ دینے اور اِنتخابی عمل کو سبز رنگ دینے کے لئے پودے لگائے گئے۔ یہ اَقدام زیادہ ماحول دوست کو فروغ دینے اور عوامی مقامات پر ہریالی کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے وسیع تر مقصد سے مطابقت رکھتا ہے۔آدتیہ نیگی نے اِنتظامیہ کی کوششوں کی ستائش کی اور اَفسروں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ آزادانہ ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے تندہی سے کام جاری رکھیں۔اُنہوں نے پولنگ عملے سے بھی اِستفساری گفتگو کی اور ان پر زور دیا کہ وہ الیکشن کمیشن آف اِنڈیا کی طرف سے فراہم کردہ رہنما خطوط پر سختی سے عمل کریں۔