نئی دہلی // فوجی سربراہ جنرل ایم ایم ناراونے ،نے کہا ہے کہ جموں کشمیر کے حالات کافی بدل چکے ہیں ۔ انہوں نے پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سرحدوںپرکشیدگی میں اضافہ کرکے پاکستان جموں کشمیر میں حالات کو بگاڑنے کی کوشش کر رہا ہے ۔ نئی دہلی میں تین روزہ فوجی کمانڈروں کی کانفرنس کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان جموں کشمیر کے حالات کو بگاڑنے میں مصروف عمل ہے تاہم پاکستان کی جانب سے ہونے والی ہر کوشش کو ناکام بنایا جا رہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے حالات اب بدل چکے ہیں اور نوجوان اب موت کے بجائے زندگی کوترجیح دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون اور دیگر آلات کا استعمال کرکے پاکستان امن بگاڑنے میں کا مسلسل مرتکب ہو رہا ہے اور سرحدوںپر کشیدگی اس لئے پھیلائی جا رہی ہے تاکہ اس کے ذریعے جموں کشمیر کے حالات کو بگاڑا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر تعینا ت فوج اور سیکورٹی فورسز کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے ۔ لداخ کی صورتحال پر فوجی سربراہ نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ہندوستان اور چینی فوج کے درمیان مشرقی لداخ میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے مثبت بات چیت ہوگی ۔انہوں نے کہا ،کہ ہم کسی ایسے معاہدے تک پہنچنے کے لئے پرامید ہیں جو باہمی طور پر قابل قبول ہو اور پالیسی کے اہم رہنما خطوط پر عمل درآمد کرنے میں واقعی فائدہ مند رہے۔آرمی چیف نے یہ بھی کہا کہ مشرقی لداخ میں صورتحال کافی مستحکم ہے،اونچائی والے خطے میں تعینات ہندوستانی فوجیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ مناسب لباس اور ہتھیاروں سے لیس ہیں ، اور اس میں کوئی کمی نہیں ہے۔