سرینگر // مفتی اعظم کشمیر مفتی ناصر الا سلام نے اعلان کیا ہے کہ شوال کا چاند نظر آگیا ہے اور عید الفطر آج یعنی جمعرات کو ہوگی۔انہوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جموں کشمیر کے کئی مقامات سے شوال کا چاند نظر آنے کی مصدقہ طور پر شہادتیں موصول ہوئیں اور انہیں اکٹھا کرنے اور بعد میں تصدیق کرنے میں تھوڑا وقت لگا۔مفتی اعظم نے کہا کہ شہادتوں کے موصول ہونے کے بعد یہ طے پایا کہ شوال کا چاند نظر آگیا ہے لہٰذا عید الفطر جمعرات کو پورے جموں کشمیر میں منائی جائیگی۔انہوں نے کہا”میں اس مبارک موقع پر جموں کشمیر کے لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے جموں کشمیر کے امن کی دعا کرتا ہوں نیز لوگوں سے اپیل بھی کرتا ہوں کہ وہ کوویڈ کی خطرناک صورتحال کے پیش نظر عید کے بڑے اجتماعات میں شرکت کرنے سے گریز کریں اور حکومت کی جانب سے لاگو کئے گئے عملیاتی طریقہ کار پر سختی کیساتھ کار بند رہے۔دریں اثناءمفتی اعظم کے اعلان کے بعد پوری وادی کی مساجدوخانقاہوں نیز امام باڑوں میں عید کے اعلانات کئے گئے۔ رات کے قریب پونے 12 بجے کے بعد پوری وادی میں چاروں طرف مساجد سے اعلانات کا سلسلہ شروع ہوا جو ساڑھے 12 تک جاری رہے۔کوویڈ کی صورتحال کے پیش نظر جموں کشمیر میں عید الفطر کی نماز عید گاہوں میں نہیں ہونگی اور نہ مرکزی جامع مسجد سرینگر سمیت بڑی مساجد یا خانقاہوں میں ادا کی جائے گی۔ادھرامارت شرعیہ ہند نے اعلان کیا ہے کہ بھارت میں کہیں پر بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا لہٰذا عید الفطر جمعہ کو منائی جائے گی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ دہلی میں آسمان غبار آلود تھا اور چاند نظر نہیں آیا۔ملک کے متعدد مقامات سے بھی رابطہ قائم کیا گیا لیکن کہیں چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔لہٰذا اس بات کے پیش نظر امسال رمضان 30دنوں کا ہوگا اور عید الفطر جمعہ 14مئی کو منائی جائی گی۔ادھر مرکزی جمعیت اہلدیث کی رویت ہلال کمیٹی دہلی نے شوال کے سلسلے میں حسب سابق ملک کے اکثر صوبوں کے زمہ داروں اور ملی تنظیموں سے رابطے کئے گئے لیکن کہیں سے بھی شوال کے چاند کی رویت کی کوئی مصدقہ و مستند خبر موصول نہیں ہوئی۔لہٰذا اہلدیث رویت ہلاک کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ بھارت میں عید الفطر جمعہ14مئی کو منائی جائے گی۔