اشتیاق ملک
ڈوڈہ //میں نے اپنے سیاسی سفر کے دوران نفرت و تقسیم کی سیاست نہیں کی ہے،جو کام میں نے ڈھائی سال کے قلیل مدت میں کئے وہ 75 برس پہلے اور نہ بعد میں کوئی کر سکے گا،عوام کھوکھلے نعروں سے خبردار رہے۔ ان باتوں کا اظہار سابق وزیر اعلیٰ و چیئرمین ڈیموکریٹک آزاد پارٹی غلام نبی آزاد نے ضلع صدر مقام ڈوڈہ ایک بھاری عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں کہا کہ کچھ جماعتوں نے انتخابی منشور میں وہی وعدے دہرائے جو پچاس سال پہلے ہم سنتے آئے ہیں جبکہ میں نے بغیر منشور کے بالعموم جموں و کشمیر و بالخصوص وادی چناب میں کالجوں، پلوں، سڑکوں، سکولوں، طبی مراکز کا جال بچھایا۔انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ بھی بناء منشور کے ہی میں نے منظور کیا اور جو میری مختص کی گئی رقوم استعمال ہوئی اس کے بعد مزید رقومات درکار تھیں لیکن موجودہ سرکار نے فراہم نہیں کیں۔انہوں نے لوگوں سے ڈوڈہ اسمبلی حلقہ سے عبدالمجيد وانی و ڈوڈہ ویسٹ سے عبدالغنی بٹ کے حق میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ ترقی، خوشحالی کے لئے و بے روزگاری کے خاتمے کیلئے اپنے رائے دہی کا استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ جھوٹے وعدے کرکے عوام کو گمراہ کرتے ہیں اور علاقائی، سیاسی، لسانی و مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔آزاد نے کہا کہ پوری زندگی میں میں نے کبھی بھی تفریق نہیں کی ہے اور نہ ہی مذہبی سیاست کا سہارا لیا ہے بلکہ میں ہر طبقہ، فرقہ و خطہ کی یکساں ترقی کے لئے اہم اقدامات کئے۔ آزاد نے اپنے بھلیسہ دورے کے دوران ملکپورہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سٹیڈیم، جس میں حال ہی میں ہندوستان کے وزیر اعظم نے جلسہ کیا، اس سٹیڈیم کی تعمیر میری حکومت میں ہی عمل میں لائی گئی ۔انہوں نے اس بات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ ان کی کاوشوں کا ثمرہ آج بھی عوام کی خدمت میں آ رہا ہے اور وہ اس بات پر فخر محسوس کرتے ہیں کہ ان کی کوششوں نے عوامی سہولتوں میں اضافہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کے دور حکومت میں شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبے جو ادھورے رہ گئے تھے، آج تک مکمل نہیں ہوئے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ان منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر ہوئی ہے، جس سے جموں کشمیر کی ترقی میں رکاوٹیں آئیں ہیں اور بے روزگاری، مہنگائی و بے کاری میں اضافہ ہوا ہے۔آزاد نے اس صورت حال کو عوامی فلاح و بہبود کے لیے ایک چیلنج قرار دیتے ہوئے نئے عزم کے ساتھ وعدہ کیا کہ وہ ان منصوبوں کی تکمیل کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے اور مستقبل میں ترقیاتی کاموں کو بروقت مکمل کرنے پر زور دیں گے۔سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے اپنے دور حکومت میں جموں و کشمیر میں متعدد اہم منصوبے مکمل کرائے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے جموں و کشمیر میں حج ہاؤس کی تعمیر کرائی، پانچ نئے میڈیکل کالجز قائم کیے، اسکولوں اور کالجوں کی منظوری دی، اور آٹھ نئے اضلاع تشکیل دیے۔آزاد نے اس بات پر زور دیا کہ ان ترقیاتی اقدامات نے جموں و کشمیر کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا اور عوامی سہولتوں کو بہتر بنایا۔ انہوں نے اپنے دور حکومت کی ان کامیابیوں پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو میں نے ڈھائی سال میں کیا آج تک کسی بھی سیاست دان نے نہیں کیا ہے اور آنے والے پچاس سالوں میں بھی کوئی وزیر اعلی وہ ترقی نہیں کر پائے گا۔سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کا جموں و کشمیر میں آنے کا مقصد لوگوں کی خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی کوشش ہے کہ عوامی مسائل کو سنا جائے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ آزاد نے اس بات پر زور دیا کہ وہ اپنے دور حکومت کے دوران کیے گئے ترقیاتی اقدامات کو مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں اور علاقے کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود ہی ان کی اولین ترجیح ہے۔