سرینگر//جموں کشمیرمیں کورونامعاملوں میں کمی کے بعد مرکزی زیرانتظام علاقہ کی انتظامیہ نے کووِڈ پابندیوں کو ختم کرنے کاحکم دیا ہے اور جموں کشمیرکے تمام اضلاع کوسبز زونوں میں تبدیل کیا ہے۔آفات سماوی ،امدادوبازآباد کاری اور تعمیر نومحکمہ کے ایک حکم کے مطابق یکم فروری سے کنٹینمنٹ زونوں کے باہر تمام قسم کی سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔اس کے مطابق اسکول،کالج ،اعلیٰ تعلیمی ادارے ،تیکنیکی ادارے رہنما خطوط کے مطابق کام دوبارہ شروع کریں گے ۔تعلیمی اداروں کے علاوہ سوئمنگ پولوں، سپورٹس سٹیڈیموں،کھیل سرگرمیوں، نمائشوں ،سنیما،تھیٹر،ملٹی پلکس،سماجی،سیاسی ،مذہبی تقریبات کے انعقاد کی اب اجازت ہوگی ۔جموں کشمیرمیں تمام ریسٹورنٹ جن میںہوٹل بھی شامل ہیں صدرفیصد گنجائش کے ساتھ کام کریں گے ۔ماتاویشنودیوی کٹرہ جانے والے یاتریوں کی تعداد بھی 25000تک بڑھا دی گئی ہے ۔ کوئی بھی ڈپٹی کمشنر یا ان کا ماتحت کنٹینمنٹ زونوں کے باہر کسی علاقہ میں لاک ڈائون نافذ نہیں کرسکتا ہے اور اس کے لئے اُسے اسٹیٹ ایگزیکیٹو کمیٹی سے صلاح مشورہ کرنا ہوگاجو مرکزی وزارت داخلہ سے مشورہ کرنے کے بعد کوئی فیصلہ لے گی۔ڈپٹی کمشنر اسکولوں میں نمونے حاصل کرنے اور ہفتہ وار مثبت کیسوں پر توجہ مرکوز رکھیں گے ۔ہوائی جہاز،ریل یا سڑک سے آنے والے تمام مسافروں کاکووِڈ- 19ٹیسٹ کیا جائے گا۔ایک اور سرکیولر میں جموں کشمیر حکومت نے تمام اضلاع کو گرین زون قرار دیا ہے ۔