جموں کشمیرسٹیٹ کواپرئٹوبنک کانیا سنگ میل، موبائل اے ٹی ایم گاڑیوں کی خدمات شروع

سرینگر//امدادباہمی کے سیکریٹری عبدالمجیدبٹ نے ایک تقریب پرجموں کشمیر سٹیٹ کواپرئٹوبنک کی موبائل اے ٹی ایم گاڑیوں کا افتتاح کیا۔اس موقعہ پر چیئرمین سٹیٹ کواپرئٹوبنک ایم ایس ڈار نے امدادباہمی کے سیکریٹری کوبتایا کہ یہ گاڑیاں نبارڈ کے مالی تعاون سے حاصل کی گئیں اور انہیں اُن علاقوں میں استعمال میں لایا جائے گا جہاں بنکنگ سہولیات دستیاب نہیں ہیں ۔سیکریٹری امدادباہمی نے کہا کہ ان اقدامات سے بنک کی شبیہ کومضبوط بنانے میں مددملے گی۔ امدادباہمی کے سیکریٹری نے کواپرئٹوبنکوں کے کام کاج کابھی ایک میٹنگ میں جائزہ لیا۔میٹنگ میں رجسٹرارامدادباہمی،چیئرمین جموں کشمیرستیٹ کواپرئٹوبنک،ایڈیشنل منیجنگ ڈائریکٹر جموں کشمیرسٹیٹ کواپرئٹوبنک،سی ای اواننت ناگ سینٹرل کواپریٹوبنک اور بارہمولہ سینٹرل کواپرئٹوبنک ودیگر شامل تھے۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے امدادباہمی کے سیکریٹری نے کہا کہ کواپرئٹوقرضوں کامقصدسماج کے پسماندہ طبقے کی سماجی واقتصادی ترقی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کواپرئٹوزکابنیادی رول دیہی آبادی کی کمائی اور اُن کے معیارزندگی کوبلند کرنا ہے ۔انہوں نے سبھی متعلقین پرزوردیا کہ وہ کواپرئٹوقرضوں کو سہل اورآسان بنائیں۔انہوں نے کہا مالی سیکٹر میں تیزی سے تبدیلیاں آرہی ہیں اورکواپرئٹو بنکوں کو برمحل رہنے کیلئے خودانحصاربنناپڑے گا۔ اس موقعہ پرجموں کشمیرسٹیٹ کواپرئٹوبنک کے چیئرمین نے سیکریٹری موصوف  اور رجسٹرار کواپرئٹو سوسائٹیزکوبنک کے کام کاج سے آگاہ کیااور انہیں بتایا کہ بنک نبارڈ سے ’اے ‘کیٹگری کی سند حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے  اور عنقریب ریزروبنک آف انڈیا سے شیڈول بنک کی فہرست میں جگہ پائے گا۔