عظمیٰ نیوز سروس
منجاکوٹ//جموں۔پونچھ قومی شاہراہ پر جاری تعمیراتی کام، بالخصوص منجاکوٹ کے مقام پر، ان دنوں شدید تنقید کی زد میں ہے۔ مقامی عوام اور روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کا کہنا ہے کہ شاہراہ کی توسیع اور مرمت کا عمل نہایت سست روی کا شکار ہے، جس کے باعث انہیں آئے دن مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔علاقہ مکینوں کے مطابق، گزشتہ کئی ہفتوں سے سڑک پر مشینری تو موجود ہے مگر کام کی رفتار نہایت دھیمی ہے۔ جگہ جگہ کھدائی اور مٹی کے ڈھیر ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے، جبکہ بارش یا ہلکی سی برف باری کے بعد یہی مقامات کیچڑ میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔
نتیجتاً اسکول جانے والے بچوں، مریضوں اور روزگار کے لئے سفر کرنے والے افراد کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مقامی دکانداروں اور ٹرانسپورٹروں نے بھی شکایت کی ہے کہ سست رفتار تعمیراتی عمل کی وجہ سے کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آئے دن ٹریفک جام رہنے سے نہ صرف ایندھن کا ضیاع ہوتا ہے بلکہ وقت بھی برباد ہو جاتا ہے۔عوام کا الزام ہے کہ متعلقہ محکمے کی جانب سے کام کی نگرانی مؤثر طریقے سے نہیں کی جا رہی، جس کے باعث ٹھیکیدار اپنی مرضی سے کام کر رہے ہیں۔ لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اعلیٰ حکام فوری طور پر موقع پر پہنچ کر تعمیراتی کام کا جائزہ لیں اور کام کی رفتار تیز کرنے کے لیے سخت ہدایات جاری کریں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ جموں۔پونچھ ہائی وے نہ صرف اس خطے کی معاشی شہ رگ ہے بلکہ دور دراز علاقوں کے لوگوں کے لیے زندگی کی لکیر بھی ہے، اس لیے اس پر جاری کام کو بروقت اور معیاری انداز میں مکمل کیا جانا نہایت ضروری ہے۔ عوام نے امید ظاہر کی ہے کہ متعلقہ حکام ان کی شکایات کا نوٹس لے کر جلد از جلد اس مسئلے کا حل نکالیں گے۔