سرینگر// جموں و کشمیر حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے گذشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران آکسیجن کی پیداواری صلاحیت میں تین گنا اضافہ کر دیا ہے ۔حکومت کے مطابق یکم اپریل کو آکسیجن کی پیدواری صلاحیت 15 ہزار ایل پی ایم تھی وہیں اب نئے پلانٹوں کی تنصیب سے یہ صلاحیت 50 ہزار ایل پی ایم تک پہنچا دی گئی ہے ۔محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر منگل کو ایک ٹویٹ میں کہا گیا’جموں و کشمیر میں یکم اپریل 2021سے آکسیجن کی پیداواری صلاحیت میں تین گنا اضافہ ہوا ہے، یکم اپریل کو آکسیجن کی پیداواری صلاحیت 15 ہزار ایل پی ایم تھی، نئے آکسیجن پلانٹوں کی تنصیب سے یہ صلاحیت 17 اپریل کو بڑھ کر 50 ہزار ایل پی ایم تک پہنچ گئی ہے '۔ پیر کے روز جرمنی سے 7 جدید ترین آکسیجن جنریشن پلانٹوں کو ایئر لفٹ کر کے سری نگر پہنچا دیا گیا ہے۔نئے آکسیجن پلانٹوں میں پانچ 1000 ایل پی ایم کے ، ایک 1500 اور ایک 600 ایل پی ایم کی پیدواری صلاحیت والا ہے ۔ ان کی بدولت پہلے سے موجود صلاحیت میں مزید 7100 ایل پی ایم کا اضافہ ہوگا۔قبل ازیں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اتوار کو اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام 'عوام کی آواز' کے دوران کہا تھا کہ اس یونین ٹریٹری میں اگلے چھ ماہ کے دوران مزید 34 آکسیجن جنریشن پلانٹ نصب کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا تھا: 'آکسیجن اور دوائوں کی کمی کا سامنا نہ ہو اس کے لئے انتظامیہ موثر اقدام اٹھا رہی ہیں۔ آج جموں و کشمیر کے ہسپتالوں میں 47 آکسیجن جنریشن پلانٹ آپریشنل ہیں۔ اس کے علاوہ جرمنی سے کچھ اور پلانٹ آ رہے ہیں۔ میں امید کرتا ہوں کہ مئی میں یہ پلانٹ چالو ہو جائیں گے '۔