سرینگر//جموں کشمیر بینک کی جانب سے شوپیاں میں ضلع سطحی جائزہ میٹنگ کا انعقاد ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیاںسچن کمار ویشیا کی قیادت میں کیا گیا جس میں مختلف سرکاری اسکیموں کے تحت ضلع میں موجود مختلف بینکوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ لیڈ ڈسٹرکٹ منیجرشوپیاں غلام رسول ڈار نے رواں مالی سال کے تیسرے سہ ماہی تک ضلع میں موجود بینکوں کی کارکردگی کا جائزہ پیش کرتے ہوئے یہ جانکاری دیدی کہ ضلع میں بینکوں نے رواں مالی برس کے پہلے نو مہینوںکے دوران یعنی 31دسمبر2020تک مجموعی طور18.09فیصد کے اضافے کے ساتھ 1474.80کروڑ روپے کے قرضے واگزار کئے ہیں اور مجموعی ڈپازٹ27.78 فیصد اضافے کے ساتھ 1445.30کروڑ روپے ہیں جو کہ کریڈٹ ڈپازٹ تناسب کے حساب سے102.04فی صد ہے۔ مجموعی قرضوں میں سے 1160.77کرور روپے ترجیحی سیکٹر میں اور314.10کروڑ روپے غیر ترجیحی سیکٹر میں دئے گئے ہیں۔ ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ گرام پنچایت ڈیولپمنٹ پلان کے تحت فائنانشل انکلوجن مہم کو آگے بڑھانے کیلئے ہمیں جوش و جذبے سے کام کرنا ہوگا تاکہ سماجی تحفظ اسکیموں اور آتم نربھر اسکیموں کی افادیت اور انکی عمل آوری یقینی بن جائے۔انہوں نے مختلف متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ وہ عام لوگوں کو سرکار کی سماجی تحفظ اسکیموں کی جانب راغب کریں اور انہیں جانکار بنائیں۔واضح رہے کہ بینک نمائندوں، ایف ایل سی سی ، دیہی خود روزگار اداروں اور دیہی ترقی محکموں کے اشتراک سے دیہی عوام کو گرام سبھا کے ذریعے جانکاری دی جاتی ہے تاکہ وہ سرکاری و نیم سرکاری ویلفیئر اسکیموں اور سماجی تحفظ اسکیموں سے مستفید ہوسکیں۔