پیر کی گلی اور سونہ مرگ میں تازہ برف باری ،لداخ میں فلائٹ آپریشن معطل
سرینگر// جموں و کشمیر اور لداخ میں سردی کی لہر برقرار ہے اور گزشتہ رات کے دوران کئی مقامات پر درجہ حرارت صفر سے نیچے ریکارڈ کیا گیا۔ادھر پیر کی گلی اور سونمرگ میں تازہ برفباری ریکارڈ کی گئی۔وادی کشمیر میں، سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ قاضی گنڈ میں منفی 2.0 اور پہلگام میں منفی 4.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ گلمرگ منفی 8.8 ڈگری سیلسیس کیساتھ سرد ترین مقام رہا۔کپواڑہ منفی(1.8)، کوکرناگ منفی (1.2)، پانپور منفی (2.5)، اونتی پورہ منفی(3.2)، بڈگام منفی (3.5)، اننت ناگ منفی (3.2)، بانڈی پورہ منفی (1.3)، پلوامہ منفی (4.2)، پلوامہ منفی (4.2) درج کیا گیا۔بارہمولہ میں نسبتاً زیادہ درجہ حرارت منفی 0.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔جموں خطہ میں، درجہ حرارت نسبتاً زیادہ رہا، جموں شہر میں کم سے کم 8.7 ڈگری سیلسیس ، بانہال میں منفی 1.3 ، بھدرواہ میں منفی 2.1 ، جبکہ بٹوٹ اور رام بن دونوں میں بالترتیب 2.1 اور 2.7 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔کٹرا میں 5.6 ڈگری، کٹھوعہ میں 8.4 ڈگری، ادھم پور میں 6.0 ڈگری، راجوری میں 1.6 ڈگری، کشتواڑ میں 2.3 ڈگری، ریاسی میں 8.3 ڈگری اور ڈوڈہ میں 2.7 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔دریں اثنا، لداخ خطہ شدید سردی کی لپیٹ میں رہا، لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 9.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ کرگل میں منفی 8.4 ڈگری جبکہ نوبرا ویلی میں منفی 7.5 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔
لداخ
انڈیگو ایئر لائنز نے لیہہ میں شدید برف باری کے بعد اپنے مسافروں کے لیے ایک ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے، جس کی وجہ سے ہوائی اڈے پر تمام ٹیک آف اور لینڈنگ کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ایئر لائن نے اعلان کیا کہ موسم کی خراب صورتحال کی وجہ سے فلائٹ آپریشن روک دیا گیا ہے۔ کلیئرنس موصول ہونے کے بعد روانگی میں تیزی لانے کے لیے، انڈیگو نے کہا کہ متاثرہ پروازوں کے لیے بورڈنگ کی رسمی کارروائیاں پہلے سے مکمل کی جا سکتی ہیں۔
برفباری
پیر کی گلی میں تازہ برف باری کے بعد حکام نے پیر کو مغل روڈ پر تمام گاڑیوں کی آمدورفت کو فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دیا۔ٹریفک پولیس نے کہا کہ یہ فیصلہ منفی موسمی حالات اور اونچائی والے پاس پر برف جمع ہونے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ایس ایس پی ٹریفک نے کہا کہ پیر کی گلی میں تازہ برف باری کی وجہ سے مغل روڈ پر تمام ٹریفک کو فوری طور پر روک دیا گیا ہے۔ یہ پابندی اگلے نوٹس تک نافذ رہے گی۔غلام نبی رینہ کے مطابق سونمرگ، زوجیل، گنگن گیر اورکلن گنڈ میںپیر کی شام سے ہلکی برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔جبکہ سرینگر لیہہ شاہراہ پر پیر کے روز بھی مال بردار گاڑیوں کی آمدورفت بند رہی۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق اگرچہ سونمرگ، زوجیلا ،منی مرگ ،گگن گیر ،کلن گنڈ میں دن بھر مطلع آبر آلود رہا تاہم شام دیر گئے ان علاقوں میں برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔