عظمیٰ نیوز سروس
جموں//جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس ڈسٹرکٹ جموں اربن نے جموں کے شیر کشمیر بھون میں جموں اربن کے ضلعی صدر چندر موہن شرما کی صدارت میں ایک روزہ کنونشن طلب کیا۔کنونشن میں اجے کمار سڈھوترہ سابق وزیر اور ایڈیشنل جنرل سکریٹری رتن لال گپتا، جے کے این سی جموں کے صوبائی صدر بابو رامپال، سابق وزیر سمیت پارٹی کے دیگر عہدیداروں سمیت سینئر این سی لیڈروں نے شرکت کی۔کنونشن کے آغاز میں چندر موہن شرما نے موجودہ حکومت کی طرف سے اپنائی گئی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے جموں کے لوگوں کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے سینئر عہدیداروں کو جموں ریاسی لوک سبھا سیٹ کے لئے انڈیاالائنس کے امیدوار رمن بھلہ کی حمایت حاصل کرنے کے لئے ضلع جموں اربن میں جاری انتخابی مہم کے اجلاسوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے این سی کے سینئر لیڈر اجے سڈھوہترا نے عوامی مسائل کے تئیں موجودہ حکومت کے غیر حساس رویہ پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔
انہوں نے مشاہدہ کیا اور کہا کہ عام لوگوں کو بے شمار مسائل کا سامنا ہے لیکن مرکز میں بی جے پی کی حکومت اور جموں و کشمیر میں اس کی پراکسی انتظامیہ سوائے بیان بازی اور عوام کو خواب دکھانے کے کچھ نہیں کر رہی ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنان پر زور دیا کہ وہ عوام میں رہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن کوشش کریں۔سابق وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ انڈیاالائنس اس وقت جموں و کشمیر میں آگے ہے اور خطے میں لوک سبھا کی تمام پانچ سیٹیں جیتنے کے بارے میں پر امید ہیں۔رتن لال گپتا صوبائی صدر، نے اپنے خطاب میں زور دے کر کہا کہ عوام موجودہ نظام کی غلط حکمرانی سے مایوس ہیں، جو ان کی توقعات پر پورا اترنے میں بہت کم ہے۔ انہوں نے نوجوانوں، کسانوں اور تاجروں سمیت معاشرے کے تمام طبقات میں وسیع پیمانے پر مصائب کو اجاگر کیا، جو حکومت کی طرف سے جاری عوام دشمن پالیسیوں سے منسوب ہیں۔ انہوں نے حکومت کی کوتاہیوں کے ثبوت کے طور پر مہنگائی کی بڑھتی ہوئی شرح کا حوالہ دیتے ہوئے موجودہ معاشی چیلنجوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ عوام اس حکومت کو کئی دہائیوں تک نہیں بھولیں گے اور آئین اور جمہوریت کو بچانے کے لئے ملک میں بالعموم اور جموں و کشمیر میں بالخصوص آئندہ لوک سبھا انتخابات میں یقینی طور پر مناسب جواب دیں گے۔ انہوں نے جموں لوک سبھا سیٹ کے اتحادی امیدوار رمن بھلہ کو ووٹ دینے اور حمایت کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔شیخ بشیر احمد، صوبائی سکریٹری جے کے این سی، جموں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس پورے جموں و کشمیر میں تفرقہ انگیز قوتوں کا مقابلہ کرنے اور سیکولرازم، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دینے کیلئے پوری طرح پرعزم ہے۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ ہر قیمت پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھیں۔کنونشن میں سینکڑوں کی تعدادمیں لوگوں نے و کارکنوں نے شرکت کی ۔