عظمیٰ نیوز سروس
جموں//سیکرٹری اَمورِ نوجوان و کھیل کود محکمہ سرمد حفیظ نے کل یہاں ایم اے سٹیڈیم میں 68ویں نیشنل سکول گیمز کا اِفتتاح کیا۔جوڈو اَنڈر 17لڑکوں کے زُمرے پر مشتمل یہ کھیل ان مقابلوں کی سیریز کا حصہ ہے جن کی میزبانی جموں و کشمیر چار کھیلوں جوڈو، ووشو، فینسنگ اور فٹ بال میں کر رہی ہے۔ملک بھر سے پینتیس (35) ٹیمیںجن میں تقریباً 350 ایتھلیٹس شامل ہیں، اَپنی مہارت اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعلی اعزازات کی خاطر مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔سرمد حفیظ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اَمورِ نوجوان و کھیل کود محکمہ کی کامیابیوں اور سرگرمیوں کو سراہا۔اُنہوں نے ملک بھر سے آنے والے شرکاکا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کی تقریبات اتحاد اور کھیلوں کی مہارت کو فروغ دیتی ہیں۔ڈائریکٹر جنرل اَمورِ نوجوان او رکھیل راجندر سنگھ تارا نے کہاکہ کھیلوں کے دوران زائد اَز 4,000 شرکأ مختلف شعبوں میں حصہ لیں گے اورجموںوکشمیر کے اُبھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی حوصلہ اَفزائی کرنے اور یونین ٹیریٹری میں کھیلوں کو فروغ دینے کے عزم پر زور دیا۔