جموں //جموں صوبہ میں لاک ڈائون مسلسل جاری ہے اور پابندیوں کا نفاذ سختی سے جاری رکھاگیاہے ۔ سنیچر کے روز بھی سڑکیں سنسان نظر آئیں جبکہ بازاروں میں وہی ویرانی دیکھی گئی جو پچھلے کئی ہفتوں سے جاری ہے۔اس دوران اشیائے ضروریہ اور لازمی خدمات سے وابستہ افراد کی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی تاہم دیگر ہر قسم کا ٹرانسپورٹ بدستور معطل رہا اور پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کی طرف سے لاک ڈائون کے احکامات کو سختی سے عملایاگیا۔امتناعی احکامات پر عمل درامد کو یقینی بنانے کیلئے پولیس اور پیرا ملٹری فورسز جگہ جگہ تعینات ہے جن کی طرف سے اہم چوراستوں اور سڑکوں پر خاردار تاریں بچھائی گئی ہیں ۔جموں شہر کی ہی طرح خطہ پیر پنچال اور خطہ چناب سمیت سبھی اضلاع کے قصبوں اور شہروں میں ویرانی ہی ویرانی رہی اور اکا دکا لوگوں کو ہی پیدل سفر کرتے ہوئے دیکھاگیا۔ اس دوران سبھی اضلاع میں سختی کے ساتھ امتناعی احکامات کی پاسداری کو یقینی بنایاگیا۔ ٹرانسپورٹ بند ہونے کی وجہ سے بڑی تعداد میں مسافروں کو پیدل چلتے ہوئے دیکھاگیا جبکہ کئی مریض بھی دربدر ہوئے ۔جموں سرینگر شاہراہ سمیت سبھی سڑکوں پر صرف اشیائے ضروریہ والے ٹرکوں اور ٹینکر وں کی آمدورفت جاری رہی اور پرائیویٹ اور نجی ٹرانسپورٹ مکمل طور پر سڑکوں سے غائب رہا۔ شہر جموں و دیگر قصبہ جات میں جراثیم کش ادویات کے چھڑکائو کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ کئی سیول انتظامیہ اور پولیس کے علاوہ کئی دیگر تنظیموں کی طرف سے ضرورتمندوں میں غذائی اجناس کی تقسیم بھی کی جارہی ہے ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے کورونا وائرس کے پیش نظر14اپریل تک کیلئے21روزہ ملک گیر لاک ڈائون کا اعلان کیاگیاہے جس کا جموں وکشمیر میں بھی سختی سے نفاذ جاری ہے ۔