جموں // ریاستی انتظامیہ کے دفتر گرمائی راجدانی سرینگر سے سرمائی راجدھانی جموں منتقل ہونے جارہے ہیں اور سوموار کو یہ دفتر یہاں کھل جائیں گے جس کے پیش نظرسیول سیکریٹریٹ کے اردگرد سیکورٹی کے انتظامات سخت کردیئے گئے ہیں۔ سیول سیکرٹریٹ اور راج بھون ودیگر بڑے دفتر 26اکتوبر کر سرینگر میں بندہو نے کے بعد 5نو مبر کو جموں میں اپنا معمول کا کام کاج شروع کر دینگے ۔اسی دوران دفاتر کاسرمائی راجدھانی میں معمول کا کام کاج شروع ہو نے سے قبل دیواروں پرقدیم تمدن و ثقافت کی مصوری ،سڑکوں کے کناروں پر رنگ و روغن اور سڑکوں پر تار کول بچھانے کا کام زور وشور سے جاری ہے ۔اس کے علا وہ سڑکوں کے کناروں پر لگائے گئے پودوں کی شاخ تراشی ،شجر کاری مہم ،پلو ں پر نصب گملوں کی سجاوٹ ،لائٹوں کی مرمت کیساتھ ساتھ پورے شہر کی گلیوں میں مزید لائٹس لگا کر خوبصورت بنانے کا عمل شروع کیا گیا ہے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ دربار کی منتقلی قدم دور سے رائج ہے اور اس کا آغاز ڈوگرہ دور میںہواتھا ۔