عظمیٰ نیوزسروس
جموں//ٹریفک پولیس جموں نے جان لیوا سٹنٹ کرنے،جانوں کو خطرے میں ڈالنے اور نوجوانوں میں خطرناک رویے کو فروغ دینے کے الزام میں ایک مقبول یو ٹیوبر اور سٹنٹ بائیکر کو گرفتار کیا۔گرفتار شدہ کی شناخت جیتندر شرما عرف جانو کے طور پر کی گئی ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ جموں ٹریفک پولیس نے جتیندر شرما ولد نریندر شرما ساکن ہائوس نمبر A 466 گاندھی نگر جموں کو جمعہ کے روز گرفتار کیا۔انہوں نے کہاوہ خاص طور پر سدھرا فلائی اوور پر اپنی KTM 390 DUKE بائیک (JK02DG3400) پر خطرناک سٹنٹ کرنے کے لیے مشہور تھا۔ان کا کہنا ہےجتیندر عرف جانو، جو موٹو وی لاگر جانو سٹنٹس کے نام سے ایک یو ٹیوب چینل چلاتا ہے جس کے 20 لاکھ فالوورز ہیں، کو ماضی میں عوام کی طرف سے رپورٹ کیا گیا کہ وہ نہ صرف اپنی جان کو خطرے میں ڈال رہا ہے بلکہ سدھرا بائی پاس، رنگ روڈ، جموں-سانبا روڈ وغیرہ سمیت مختلف شاہراہوں پر بہت سے راہگیروں کی جان بھی خطرے میں ڈال رہا ہے۔بیان میں کہا گیااتنے بڑے پیمانے پر فالوونگ کے ساتھ اپنے یوٹیوب چینل کے ذریعے، وہ جموں و کشمیر اور دیگر جگہوں پر نوجوانوں کو “متاثر” کر رہا تھا تاکہ وہ اس طرح کے طریقوں میں ملوث ہوں ۔انہوں نے کہااس کے خلاف ایف آئی آر نمبر 104/2025 سیکشن 281/125 بی این ایس کے تحت پولیس اسٹیشن نگروٹہ جموں میں درج کیا گیا ہے۔ٹریفک پولیس سٹی جموں نے لوگوں بالخصوص والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اس طرح کے جان لیوا حرکات سے پرہیز کرنے اور لاپرواہی سے باز رہنے کی تلقین کریں نیز کوئی بھی شخص ایسی سرگرمی میں ملوث پائے جانے کی اطلاع +9194191-47732 (TCU جموں) یا [email protected] (ایس ایس پی ٹریفک سٹی جموں کی سرکاری میل آئی ڈی) پر دیں۔انہوں نے کہا کہ ایسی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف اسی طرح کی کارروائی جاری رکھی جائے گی۔