جموں//عدالت عالیہ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے جموں میونسپل کارپوریشن کی طرف سے جاری انہدامی مہم کے تحت منگل کے روز سٹی چوک، اولڈ ہاسپٹل روڈ، سنٹر بیسک اسکول، پرانی منڈی، راج تلک روڈ، پریڈ اور بھگوتی نگر میں تجاوزات سے قبضہ ہٹایا گیا۔ کمشنر جے ایم سی کی نگرانی اور سیکرٹری سنینا شرما کی قیادت میں چلائی گئی اس مہم میں ٹریفک پولیس اور ضلع پولیس کے حکام بھی موجود تھے۔ جے ایم سی نے فٹ پاتھوں اور دیگر مقامات پر کئے گئے قبضہ کو ہٹاتے ہوئے 5ٹرک سے زائد سامان ضبط کر لیا اور کئی مقامات پر نصب کی گئی ہورڈنگ بھی اتار لی گئیں۔ اس موقعہ پر محکمہ ٹریفک کی طرف سے غلط جگہ پر پارک کی گئی 20گاڑیوں کے چالان بھی کاٹے گئے۔ جے ایم سی کی جانب سے دکانداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ فٹ پاتھ اور بازار پر تجاوز نہ کریں کیوںکہ اس سے جہاں گاڑیوں کی آمد ورفت متاثر ہوتی ہے وہیں پیدل چلنے والے لوگوںکو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ جے ایم سی کی طرف سے ہری مارکیٹ، اندر چوک، کنال روڈ، جیول، وکرم چوک، گمٹ ، گاندھی نگر، تالا ب تلو اور پونچھ ہائوس کے دکانداروں کو242نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ میونسپل ایکٹ کی خلاف وروزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے ریڑھی والوں کو مقررہ ریڑھی زون میں ہی ریڑھی پھڑی لگانے کی ہدایت دی۔