سید امجد شاہ
جموں// گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں ڈینگو سے متاثرہ کم از کم تین خواتین کی جان چلی گئی ہے اور 3115 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جب کہ جموں ضلع میں ڈینگو کے سب سے زیادہ کیس یعنی ایک ہی دن میں 78 کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ایک عہدیدار نے بتایا ”ڈینگو سے متاثرہ مریضوں کو علاج کے لیے جی ایم سی جموں میں داخل کیا گیا تھا تاہم وہ زندہ نہ رہ سکے۔ یہ اموات پچھلے کئی ہفتوں میں ہوئی ہیں“۔انہوںنے کہا کہ ایک متوفی خاتون کا تعلق جموں سے تھا، دوسری کا تعلق کٹرا (ریاسی ضلع) سے اور تیسری کا تعلق کٹھوعہ ضلع سے تھا۔عہدیدار نے بتایا کہ ڈینگو سے متاثرہ 28 مریض جی ایم سی جموں اور 3 کا گاندھی نگر کے سرکاری ہسپتال میں علاج چل رہا ہے۔افسر نے بتایا”تقریباً 50 بچوں کو ڈینگو سے متاثر ہونے کے شبہ میں ایس ایم جی ایس اسپتال میں داخل کیا گی” ۔انہوںنے مزید کہا کہ کمپوننٹ لیب جی ایم سی جموں میں ہے اور ڈینگو کے مشتبہ کیسوں کی جانچ کے لیے گورنمنٹ گاندھی نگر ہسپتال میں بھی یہی قائم کی گئی ہے۔عہدیدارنے بتایا کہ محکمہ صحت نے لوگوں کو ایڈوائزری جاری کر دی ہے اور لوگوں کو ڈینگو کے بارے میں آگاہ کرنے کے لیے گھر گھر مہم بھی شروع کر دی ہے۔ عہدیدار نے کہا کہ ہم نے بیداری کے پروگراموں کے علاوہ آبادی والے علاقوں میں فوگنگ بھی شروع کر دی ہے۔کشمیرعظمیٰ کے پاس دستیاب سرکاری اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ 15 اکتوبر کو حکام نے 180 ٹیسٹ کیے ہیں جن میں سے 78 لوگ ڈینگو سے متاثرپائے گئے ہیں یعنی 72 مثبت کیس جموں ضلع سے، 2 ادھم پور سے، دو پونچھ سے آئے ہیںجبکہ سانبہ اور راجوری اضلاع سے ایک ایک کیس مثبت آیا ہے۔ایک عہدیدار نے بتایا کہ78 مثبت کیسوں میں 16 بچے، جن میں 6 لڑکیاں اور 62 بالغ شامل ہیں جن میں 35 مرد اور 27 خواتین شامل ہیں ،ان سب کو علاج کے لیے داخل کیا گیا ہے۔انہوںنے کہا کہ تاہم گزشتہ روز کے مقابلے میں ڈینگوکے 80 کیسوں میں کمی آئی۔ 14 اکتوبر کو ڈینگو سے متاثرہ 158 کی رپورٹ ہوئے اور 13 اکتوبر 2022 کو ایسے 162 مثبت کیس رپورٹ ہوئے تھے۔عہدیدار نے بتایا کہ 12 اکتوبر کو ڈینگو کے 152 مثبت کیس تھے اور 11 اکتوبر 2022 کو 102 کیس سامنے آئے تھے۔دریں اثناءاب تک مجموعی طور پر 11 ہزار 142 نمونے ٹیسٹ کیلئے لیے گئے اور ان میں سے 3115 ڈینگو سے متاثر پائے گئے ہیں۔