رام بن //ضلع میں جموں ۔سرینگر قومی شاہراہ کے اولڈ ائلائنمینٹ پر سڑک کی خستہ حالی سے ضلع کے بانہال، رام بن ،رام سو اور چندر کوٹ کے مکینوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ان لوگوں کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ پر بانہال سے ناشری ٹنل تک کی سڑک نہایت ہی خستہ ہے جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حُکام سے اس سڑک کی مرمت کرنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن ابھی تک اس سلسلہ میںکُچھ بھی نہیں کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بارش کے موقعہ پر اس سڑک سے گاڑیوں کا چلنا نا ممکن بن ہو جاتا ہے ، یہاں تک کہ پیدل چلنے والوں کو بھی کافی مشکلات آتی ہیں۔ان لوگوں نے الزام لگا یا ہے کہ دھوپ کے دنوں میں بھی پیدل چلنے والوں کو مشکلات آتے ہیں کیونکہ گرد و غبار سے اس سڑک پر پیدل چلنا بھی مشکل ہو جاتاہے ۔بانہال کے مکینوں نے شکایت کی ہے کہ شاہراہ کافی وقت سے خستہ ہے اور بیکن کے اہلکار یا کنٹریکٹر کمپنیوں کے منیجر اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں۔دوسری جانب ضلع انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کی کنٹریکٹر کمپنیاں ، جو کہ شاہراہ کی دیکھ ریکھ اور مرمت کرنے کی ذمہ وار ہیں ،کو اس کی ضروری مرمت کا کام سونپا گیا ہے ،تاکہ لوگوں کی شکایات کا ازالہ ہو سکے لیکن لوگوں نے انتظامیہ کے ان دعووں کو غلط قرار دیا ہے۔