بانہال // بارشوں کی وجہ سے جموں سرینگر شاہراہ رام بن اور رام سو کے سیکٹر میں پسیوں اور پتھوں کے گر آنے کی وجہ سے شاہراہ دو بار بند ہوگئی تاہم دوپہربعد موسم میں بہتری کے بعد شاہراہ کو دوباررہ بحال کیا گیا ہے اور معمول کا ٹریفک چل رہا ہے۔ ڈی ایس پی ٹریفک نیشنل ہائی وے وشال مہناس نے آج شام کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بارشوں کے نتیجے میں بْدھ کی علی الصبح رام بن کے سیری علاقے میں شاہراہ پر پسیاں گر آئیں جبکہ پنتھیال کے مقام پتھروں کے گرنے کا سلسلہ بھی شروع ہوا جس کی وجہ سے ٹریفک کو قاضی گنڈ ، بانہال اور رام بن میں روک دیا گیا تاہم جموں سے چھوڑی گئی یاترا پہلے ہی نکل چکی تھی۔ انہوں نے کہا کہ صبح آٹھ بجے کے آس پاس شاہراہ سے پسیوں اور پتھروں کو صاف کرکے ٹریفک کو دوبارہ بحال کیا گیا۔ انہوں نے کہا اس دوران بْدھ کی دوپہر ایک اور پسی پیٹرول پمپ کے نزدیک سیری میں گر آئی جبکہ پنتھیال کے مقام پتھروں کے گر نے کا سلسلہ بارشوں کی وجہ سے پھر شروع ہوا اور ٹریفک کی نقل وحمل دوبارہ معطل کر دینا پڑی اور ٹریفک کو رام بن ، بانہال اور قاضیگنڈ اور ٹنل کے پار روک دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد شاہراہ سے پسیاں اور پتھر ہٹا کر اسے سہہ پہر بعد دوبارہ بحال کیا گیا اور بدھ کی شام تک معمول کا ٹریفک شاہراہ پر رواں تھا۔ انہوں نے کہا کہ جموں سے علی الصبح چھوڑی گئی بال تل اور پہلگام کے راستے جانے والی شری امرناتھ یاترا میں شامل گاڑیاں بغیر کسی خلل کے ٹنل پار گر پار گر گئیں اور دیگر ٹریفک شاہراہ سے گذررہا ہے۔ انہوں نے کہا شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے لگے ٹریفک جام کو صاف کیا جارہا ہے اور ٹریفک آگے بڑھ رہا ہے۔ شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے شاہراہ پر بانہال قصبہ کے دونوں طرف ، رامسو مگر کوٹ اور رام بن کے علاقوں میں شدید ٹریفک جام ہوگیا جو وقفے وقفے سے بدھ کی شام تک جاری تھا اور اسے صاف کرنے کیلئے پولیس اور ٹریفک اہلکار کوشش کر رہے ہیں۔ ٹریفک جام کی وجہ سے اِن علاقوں میں گاڑیوں کی نقل وحمل سست رفتاری کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ دریں اثنا رامسو اور رام بن کے سیکٹر میں بدھ کی صبح اور دوپہر میں تیز بارشیں ہوئیں جبکہ بانہال میں اس کے برعکس ہلکی ہلکی بوندا باندی ہی ہوئی جس کی وجہ سے گرم موسم کسی حد تک خوشگوار ہوگیا ہے اور لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے۔ بْدھ کی شام تک موسم مطلع ابر آلواد تھا اور آئیندہ دو روز تک بجلی چمکنے کے ساتھ ہلکی ہلکی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔