رام بن//جموں ۔سرینگر قومی شاہراہ غیر اعلانیہ بس اسٹینڈ میں تبدیل ہوگیا ہے کیونکہ بانہال، سرینگر،جموں ، ڈوڈہ ،کشتواڑ روٹوں کے ڈرائیور منی بسیں اور سومو بانہال اور رام بن میں بس اسٹینڈ موجود ہونے کے باوجود رام بن اور بانہال قصبوں سے ہی چلا رہے ہیں۔جس کی و جہ سے تعمیر شدہ بس اسٹینڈوں کا استعمال رہیڑی والے ،پھڑی والے کر رہے ہیں جس سے شاہراہ پر ٹریفک میں پریشانیاں پیدا ہوتی ہیں۔مکینوں کی شکایت ہے کہ ضلع رام بن اورسب ڈسٹرکٹ بانہال کی انتظامیہ کے سامنے سے شاہراہ پر کیفٹیریا موڑ سے کوہ باغ تک ٹریفک میں روکاوٹیں پیدا کی جاتی ہیں۔لوگوں کو رام بن قصبہ اور پُرانے ٹول پوسٹ کو پار کرنا مشکل ہوگیا ہے۔انتظامیہ اس کی جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔ضلع کے عوام کا کہنا ہے کہ کچھ وقت قبل ضلع انتظامیہ نے بس اسٹینڈ کو ناجائز قبضہ سے چھڑانے کی مہم چھیڑی تھی لیکن نا معلوم کن وجوہات پر یہ مہم بند کر دی گئی۔انہوں نے اس مسلہ کو حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔لوگوں نے شکایت لگائی ہے کہ دونوں مقامات پر بھاری سرمایہ سے بس اسٹینڈ تعمیر کئے گئے لیکن جس مقصد کے لئے انکی تعمیر کی گئی تھی وہ فوت ہوگیا ہے کیونکہ ان بس اسٹینڈوں پر ناجائز طور سے ریہڑی والوں نے قبضہ کر رکھا ہے، جس سے بانہال اور رام بن کے عوام کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔بٹوت کے عوام کو بھی بس اسٹینڈ کی عدم دستیابی کی وجہ سے کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔