سرینگر //جمعیت اہلحدیث کے صدر پروفیسر غلام محمد بٹ المدنی نیتنظیم کی مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت اصلاح احوال، تطہیر ِ معاشرہ ،عقائد کی درستگی اور تعلیم وتبلیغ کے ہر محاذ پر کام کررہی ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انسانیت کی صلاح و فلاح بلا تمیز اِس کا شعار رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جمعیت ایک سسٹم اور ایک آئین کے تحت کام کررہی ہے اور آئین شکنی کے مرتکب کسی بھی فرد کو برداشت کرنا جمعیت کے استحکام میں رخنہ اندازی کے مترادف ہوگا۔ انہوں نے مزید کہاکہ نامساعد حالات اور کووِڈ- 19 کے دوران جمعیت سے وابستہ سبھی افراد کے جذبہ ٔ ایثار کو سراہا ۔ایک بیان کے مطابق مجلس شوریٰ نے اتفاق رائے سے 8 نومبر 2020 کو جمعیت کی مرکزی مجلس مشاورت کے اُس فیصلہ کی توثیق کی جس کی رو سے صدر جمعیت کے معیاد کار میں ایک میقات یعنی تین سال کی توسیع کی تھی ۔شوریٰ نے مشاورت کے اِس فیصلہ کو بروقت اور بہتر فیصلہ قرار دیا۔ اجلاس سے مخاطب ہوکر جمعیت کے نائب صدر ڈاکٹر عبداللطیف الکندی نے گذشتہ تین برسوں میں پیش آئے واقعات کووڈ بحران اور دیگر مسائل و معاملات کا احاطہ کرتے ہوئے اِس دوران جمعیت کے کردار اور اس کی کارکردگی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اہل فکر و نظر،عوامی حلقوں ، صحافتی اداروں اور دینی تنظیموں نے جمعیت کے رول کو سراہا۔انہوں نے تعلیمی سنٹروں کو مرکزسے رجسٹر کرنے اور مسلسل مربوط رہنے کی تاکید کی۔ انہوں نے سوشل میڈیاپر کچھ گروپوں یا کئی انفرادی لوگوں کی جانب سے کی جارہی گفتگو یا تحریروں پر بھی اپنا حزن و ملال ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کے اس دور میں اگر اسکا منفی استعمال ہوا یہ انتشار و افتراق کا باعث بنے گا اور ہمیں اجتماعی سطح پر اس تعلق سے حساسیت کا مظاہرہ کرناہوگا۔