جمعہ الوداع کے موقعہ پر ہزاروں فرزندان توحید نے نماز ادا کی

 پونچھ//ماہ رمضان کے آخری جمعہ کو پونچھ میں بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔پونچھ میں اس سلسلہ کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی عید گاہ پونچھ میں منعقد ہوا جہاں مفتی فاروق احمد مصباحی کی قیادت میں نماز جمعہ ادا کی گئی۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے فاروق احمد مصباحی نے تمام مسلمانوں کو متحد ہونے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اسلام دشمن عناصر مسلمانوں کو بدنام کرنے کے لئے مختلف حربے اختیار کر رہے ہیں اس لئے وقت کی ضرورت ہے کہ مسلمان ایک ہوجائیں۔جامع مسجد بگیالاں میں بھی بہت بڑے اجتماع نے نماز جمعہ ادا کیا۔ اس موقعہ پرخطاب کرتے ہوئے مولانا سعید حبیب احمد بانڈے نے بھی مسلمانان عالم کو متحد ہونے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ضروری ہے کہ دنیا میں امن ہو۔انہوں نے عالم انسانیت کے لئے دعائیں طلب کیں۔ مرکزی امامیہ جامع مسجد پونچھ میں امام و خطیب مولانا سید شاہین حیدر عابدی نے خطاب کرتے ہوئے جہاں ماہ مبارک کے مسائل بیان کئے وہی انہوں نے صہیونی طاقتوں کی مذمت کرتے ہوئے تمام مسلمانوں کو دعوت فکر دی کہ وہ بیت المقدس کو آزاد کروانے کے لئے ایک ہو جائیں۔جامع مسجد اہل حدیث، حیدری جامع مسجد ریڈیو سٹیشن، مرکزی جامع مسجد پونچھ اور دیگر مساجد میں بھی الوداع جمعہ کے موقعہ پر نماز ادا کی گئی۔