یو این آئی
نئی دہلی// معذور بچوں کی معذوری کو ابتدائی مراحل میں ہی کم کرنے کے لیے ملک بھر میں تقریباً 14 لاکھ آنگن واڑی کے کارکنوں کو معذور بچوں کے تئیں حساس بنانے کی تیاری چل رہی ہے ۔بہبودی خواتین و اطفال کے مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے منگل کے روز یہاں منعقدہ پروگرام میں کہا کہ آنگن واڑی کے کارکنوں کو معذور بچوں اور ان کی معذوری کے تئیں حساس بنانے کی طرف آگے بڑھانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ سماجی انصاف و تفویض اختیارات کی مرکزی وزارت آنگن واڑی کے کارکنوں کو معذوری کے تئیں حساس بنانے میں تعاون کرتی ہے ۔ اس سے ملک بھر میں بچوں کی معذوری میں 30 فیصد تک کمی آسکتی ہے ۔ معذور بچوں کے تئیں آنگن واڑی کے ملازمین کی شناخت اور ان کو حساس بنانے سے ملک میں ایک منفرد افرادی قوت تیار ہوگی۔ اس موقع پرمرکزی وزیر نے پروگرام میں ‘معذور بچوں کے لیے آنگن واڑی پروٹوکول’ کا بھی افتتاح کیا۔ بہبودی خواتین واطفال کے مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر منجپرا مہندر بھائی، اور سماجی انصاف و تفویض اختیارات کی مرکزی وزارت میں سکریٹری راجیش اگروال موجود تھے ۔ اس پروگرام میں ملک بھر سے آنگن واڑی کارکنان اور متعلقہ عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔