سرینگر/عظمیٰ نیوز سروس/وائس چانسلر شیرکشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی آف کشمیر (SKUAST-K )پروفیسر نذیر احمد گنائی نے اعلان کیاہے کہ میگا ایونٹ گونگل2026:11واں ایگری ٹیک میلہ14سے16 فروری 2026 تک منعقد کیا جائے گا۔ اس بات کی جانکاری یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر نذیر احمد گنائی نے جمعہ کے روز ایک پریس کانفرنس میں دی۔پروفیسر گنائی نے کہا کہ گونگل2026 جموں و کشمیر کی سب سے بڑی اور باوقار زرعی نمائش ہے، جس کا مقصد اختراع، کاروباری صلاحیت اور مارکیٹ پر مبنی زراعت کے ذریعے خطے کے زرعی منظرنامے کو تبدیل کرنا ہے۔وائس چانسلرپروفیسر نذیر احمد گنائی نے بتایا’’نیکسٹ جین ایگری کلچر: مائی پروڈیوس : مائی پرائس‘‘کے عنوان سے منعقد ہونے والا یہ ایونٹ کسانوں، نوجوانوں اور زرعی کاروباری افراد کو بااختیار بنانے کے لیے ایک متحرک پلیٹ فارم فراہم کرے گا، جہاں انہیں جدید ٹیکنالوجیز، سائنسی معلومات، اسٹارٹ اپس، ویلیو چینز اور مارکیٹ کے مواقع سے براہِ راست جوڑا جائے گا۔