یواین آئی
کماموٹو (جاپان)/ہندوستانی بیڈمنٹن اسٹار پی وی سندھو نے بدھ کو جاپان ماسٹرز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تھائی لینڈ کی بوسانن اونگبامرنگفن کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کے اگلے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔آج یہاں کھیلے گئے میچ میں سندھو نے اپنے اسمیش اور ڈراپس کے ساتھ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور تھائی حریف بوسانن کو 21-12، 21-8 سے شکست دی۔ دوسرے راؤنڈ میں ہندوستانی کھلاڑی سندھو کا مقابلہ مشیل لی سے ہوگا۔سندھو کی شروعات خراب رہی اور بوسانن نے اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پہلے گیم میں 5-1 کی برتری حاصل کی۔ لیکن اس کے بعد ہندوستانی کھلاڑی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور کو 7-7 کر دیا اور پھر اسے بڑھا کر 11-9 کر دیا۔ سندھو نے بریک کے بعد اپنی برتری کو 14-10 تک بڑھا دیا۔ سندھو نے اپنی شاندار کارکردگی کو جاری رکھا اور پہلا گیم 21-12 سے جیت لیا۔سندھو نے دوسرے گیم میں شاندار آغاز کیا۔ اس دوران بوسانن کو واپسی کے لیے جدوجہد کرتے ہوئے دیکھا گیا لیکن سندھو نے 4-0 کی برتری حاصل کی۔ اس کے بعد سندھو کی کچھ غلطیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بوسانن نے اسکور کو 4-5 تک کم کردیا۔ سندھو نے واپسی کی اور اسکور 10-5 کردیا۔ سندھو نے اچھی کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا اور دوسرا گیم اور میچ 21-8 سے جیت لیا۔