عظمیٰ نیوز سروس
مینڈھر//وزیر جل شکتی، جنگلات، ماحولیات و قبائلی امور جاوید احمد رانا نے مینڈھر سب ڈویژن اور منکوٹ علاقے کے مختلف سرحدی دیہات کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مقامی لوگوں سے براہِ راست ملاقات کی اور مختلف شعبہ جات کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ دورے کا مقصد سرحدی اور دور افتادہ علاقوں میں عوام کو درپیش مسائل کو زمینی سطح پر سمجھنا اور ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کو پرکھنا تھا۔دورانِ دورہ وزیر موصوف نے کئی مقامات پر عوامی اجتماعات میں شرکت کی اور لوگوں کے مسائل تحمل سے سنے۔ مکینوں نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی، بجلی کی غیر یقینی صورتحال، سڑک رابطوں کی کمزوری اور سرحدی علاقوں میں صحت و تعلیمی اداروں کی کارکردگی سے متعلق شکایات پیش کیں۔ جاوید رانا نے عوام کو یقین دلایا کہ تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ بنیادی سہولیات میں بہتری لائی جا سکے۔
وزیر نے مختلف سرکاری اسکیموں کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ اہم نوعیت کے ان منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے اور معیار، شفافیت اور جوابدہی پر خصوصی توجہ دی جائے، کیونکہ سرحدی پٹی کی اسٹریٹجک اہمیت کے پیش نظر بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی ناگزیر ہے۔اس موقع پر سب ڈویژنل انتظامیہ کے سینئر افسران بھی وزیر کے ہمراہ تھے جن میں ایس ڈی ایم مینڈھر، تحصیلدار منکوٹ، بی ڈی او منکوٹ اور جل شکتی (پی ایچ ای)، محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی)، صحت، تعلیم اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شامل تھے۔ افسران نے وزیر کو شعبہ وار پیش رفت، درپیش رکاوٹوں اور آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں بریفنگ دی۔دورے کے دوران وزیر نے اپر منکوٹ، چوئی، ٹین، چنگری، ڈھرانہ اور گوہلدسمیت مینڈھر اور منکوٹ کے دیگر علاقوں کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے بعض مقامات پر جاری سڑک اور پانی کی اسکیموں کا موقع پر مشاہدہ کیا اور متعلقہ انجینئروں کو کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت دی۔جاوید احمد رانا نے کہا کہ حکومت سرحدی اور دور دراز علاقوں کی ہمہ جہتی ترقی کے لئے پْرعزم ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ترقی کے ثمرات مقررہ وقت میں عام لوگوں تک پہنچیں۔ انہوں نے محکموں کو ہدایت دی کہ وہ متحرک اور عوام دوست رویہ اپنائیں تاکہ عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات زمین پر واضح طور پر نظر آئیں۔