جاوید اقبال
مینڈھر//وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور محکمہ جات جاوید احمد رانا نے ڈاک بنگلہ مینڈھر میں ضلع اِنتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اِمدادی، بحالی اور بازآبادکاری اقدامات کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں اَفسران نے وزیرموصوف کو عوامی بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان، ضروری خدمات کی بحالی، اِمدادی کارروائیوں اور نقصانات کے تخمینے کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیر نے اَفسران کو بحالی کے کاموں میں تیزی لانے، متاثرہ کنبوں کو بروقت اِمداد کو یقینی بنانے اور معمولاتِ زندگی کی جلد بحالی کے لئے قریبی بین محکمانہ تال میل برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔
جاوید رانا نے ضلع اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ متاثرہ اَفراد کی طرف سے جمع کئے گئے تمام متعلقہ دستاویزات حاصل کرکے ان کی باریک بینی سے جانچ کی جائے تاکہ تمام حقیقی معاملات کو مقررہ ضابطوں کے مطابق اِمداد، معاوضے اور بازآبادکاری کے لئے جلد از جلد نمٹایا جا سکے۔اُنہوں نے متاثرہ شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے اپیل کی کہ وہ نقصانات کے تخمینے کے عمل میں انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ حکومت ہر مستحق معاملے کا ہمدردانہ بنیادوں پر جائزہ لے گی اور ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔وزیر موصوف نے محکمہ آبپاشی و فلڈ کنٹرول کو ہدایت دی کہ منکوٹ نالہ اور دیگر متاثرہ مقامات پر سیلابی حفاظتی بنڈوں میں پڑنے والے شگافوں کی فوری مرمت کے لئے ضروری اَقدامات کئے جائیں۔ اُنہوں نے موقعہ پر ہی محکمہ کو ہدایت دی کہ سیلاب سے متاثرہ تمام مقامات کے لئے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹس (ڈِی پی آر) تیار کی جائیں جن میں فوری اِمداد کے لئے عارضی بحالی کے کاموں کے ساتھ ساتھ سیلابی تحفظ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور مستقبل میں خطرات کو کم کرنے کے لئے مستقل اَقدامات کا احاطہ کیا جائے۔اُنہوں نے مزید ہدایت دی کہ ضلع اِنتظامیہ اور تمام متعلقہ محکمے باہمی قریبی تال میل سے کام کریں اور تمام ضروری عوامی خدمات کی فوری بحالی کو یقینی بنائیں۔ اُنہوںنے اَفسران کو نقصانات کے تخمینے کا عمل تیز کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی کہ امداد بغیر کسی تاخیر کے ہر متاثرہ گھرانے تک پہنچے۔