نگرانی عمل تیز کرنے اور آبپاشی مسائل کے فوری نپٹارے پر زور
سرینگر//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور محکمہ جات جاوید احمد رانا نے وزیر برائے محکمہ زرعی پیداوار و دیہی ترقی جاوید احمد ڈار کے ہمراہ کل گاندربل ضلع کے مختلف علاقوں کا وسیع پیمانے پر موقعاتی معائینہ کیا تاکہ آبپاشی کے پانی کی دستیابی اور ضلع بھر میں آبپاشی سہولیات کے کام کاج کا جائزہ لیا جا سکے۔ دورے کے دوران وارپورہ، واکورہ، نوبْگ، تولہ مولہ، واسکورہ، صفاپورہ، شہامہ، بسر بْگ اور ضلع کے دیگر علاقوں میںوزراء نے کسانوں اور مقامی باشندوں سے بات چیت کی اور آبپاشی سہولیات و پانی کی دستیابی سے متعلق روبرو معلومات حاصل کیں۔
اْنہوں نے چیف اِنجینئر اور جل شکتی و دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر اَفسران کے ہمراہ زمینی صورتحال کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو آبپاشی پانی کی بلا تعطل فراہمی میں حائل تمام رْکاوٹوں کو فوری دور کرنے کی ہدایت دی۔وزیر جاوید رانا نے کہا کہ کسانوں کے مفادات کا تحفظ اور آبپاشی کے پانی کی بروقت دستیابی کو یقینی بنانا ہماری اوّلین ترجیحات میں شامل ہیں ۔’اْنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ فیلڈ میں موجود رہیں، نگرانی کے عمل کو تیز کریں اور آبپاشی سے متعلق تمام مسائل کو فوری طور پر حل کریں۔ اْنہوں نے کہا کہ پانی کی قلت یا آبپاشی سہولیات سے متعلق کسی بھی شکایت کو براہ راست ان کے دفتر تک پہنچایا جائے تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔وزیر جل شکتی نے آبپاشی کے بہتر انتظام، آبپاشی کے بنیادی ڈھانچے کی بہتر نگرانی اور نہروں اور واٹر چینلو ں کی بروقت مرمت و مینی ٹننس کے ذریعے پانی کے اِستعمال کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اْنہوں نے متعلقہ افسران کو زمینی سطح کے مسائل کے حل میں سرگرم رہنے کی تاکید کی۔وزیرجاوید احمد ڈار نے کسانوں کو یقین دِلایا کہ حکومت صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے اور آبپاشی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی اور کسانوں کی جائز شکایات کے ازالے کے لئے تمام ضروری اَقدامات کئے جائیں گے۔بعد میں وزرء نے گاندربل کے ڈی ایف او آفس گاندربل میں جل شکتی، جنگلات، محکمہ زرعی پیداوار اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کے ساتھ جائزہ میٹنگ بھی منعقد کی۔