جاوید اقبال
مینڈھر //وزیر برائے جل شکتی، جنگلات، ماحولیات و قبائلی امور جاوید احمد رانا نے ہفتہ کے روز سب ڈویژنل انتظامیہ اور ٹرانسپورٹ یونین کے نمائندگان کے ساتھ ایک اہم اجلاس میں مینڈھر کے لیے منظم اور پائیدار ٹریفک نظام کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔یہ اجلاس شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک دباؤ اور خاص طور پر مصروف بازاروں میں بھیڑ بھاڑ کے تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل تھا۔اجلاس کے دوران ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے، مسافروں کو سہولت فراہم کرنے اور مجموعی ٹرانسپورٹ ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔غور و خوض کا ایک اہم پہلو مخصوص پارکنگ مقامات کے قیام پر مرکوز رہا تاکہ سڑکوں کے کنارے کھڑی گاڑیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل کا حل نکالا جا سکے۔
شرکاء نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایک سائنسی بنیادوں پر مبنی اور منظم ٹریفک نظام وضع کیا جائے، جس میں مناسب زوننگ، ٹریفک کی منظم نقل و حرکت اور دستیاب سڑکوں کا مؤثر استعمال شامل ہو۔اجلاس میں حکام نے بتایا کہ مینڈھر قصبے کے اپ اسٹریم اور ڈاؤن اسٹریم دونوں اطراف نئے بس اڈوں کے قیام کے لیے موزوں اراضی کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔اس معاملے کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر موصوف نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ تمام ضروری کارروائیاں جلد مکمل کی جائیں اور ان اہم منصوبوں پر فوری طور پر کام شروع کیا جائے۔منصوبہ بند شہری نقل و حمل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے جاوید احمد رانا نے کہا کہ حکومت مینڈھر میں ایک جامع اور مؤثر ٹریفک مینجمنٹ نظام نافذ کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے نہ صرف ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی بلکہ اہم تجارتی علاقوں میں بھیڑ کم ہوگی اور پیدل چلنے والوں و مسافروں کے لیے سہولت ملے گی جاوید احمد رانا نے مزید کہا کہ بہتر ٹریفک نظام اور انفراسٹرکچر سے مقامی کاروبار کو فروغ ملے گا، پبلک ٹرانسپورٹ کی کارکردگی بہتر ہوگی اور شہر کی منظم و پائیدار ترقی کو تقویت ملے گی۔
سومو یونین اراکین کا احتجاج،بس اڈہ سے ہٹانے پر اظہار برہمی
جاوید اقبال
مینڈھر // سومو یونین کے اراکین نے اپنے مطالبات کے حق میں ڈاک بنگلہ کے سامنے زبردست احتجاج کیا۔ مظاہرین نے کہا کہ سومو گاڑیوں کو بس اڈہ سے ہٹائے جانے کے بعد متعدد ڈرائیور بے روزگار ہو گئے ہیں، جس سے اُن کے گھروں کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔احتجاج کے بعد سومو یونین کا ایک وفد کابینہ وزیر جاوید احمد رانا سے ملا اور اپنے مطالبات پر مشتمل ایک میمورنڈم پیش کیا۔ وفد نے وزیر موصوف کو بتایا کہ بس اڈہ پر سومو گاڑیوں کی بحالی نہایت ضروری ہے تاکہ ڈرائیوروں کو روزگار دوبارہ میسر آ سکے۔اس موقع پر جاوید احمد رانا نے وفد کو یقین دلایا کہ اسی سلسلے میں آج ہی انتظامیہ کے ساتھ ایک اہم میٹنگ منعقد کی گئی ہے، جس میں سومو یونین کے جائز مطالبات پر تفصیل سے غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ڈرائیور برادری کے مسائل کو بھی سنجیدگی سے لیا جائے گا۔