جموں//موجودہ حکومت ریاست کے لوگوں کی توقعات پر کھرا اُترنے کے لئے خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے۔ ان باتوں کا اظہار بجلی کے وزیر سنیل کمار شرما نے گرڈ سٹیشن جانی پور میں20 ایم وی اے اضافی ٹرانسفارمر کو وقف کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقعہ پر وزیر نے کہا کہ دستیاب وسائل کو موثر انداز سے بروئے کار لایاجانا چاہئے تا کہ ریاست کے ہر گھر کو بجلی کی سہولیات بہم پہنچائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کا نعرہ صرف کاغذوں تک ہی محدود نہیں بلکہ زمینی سطح پر بھی اس کے اثرات نمایاں ہیں۔سُنیل شرما نے کہا کہ بجلی محکمہ میں ریگولرائزیشن اور ترقیوں کا عمل جاری ہے۔انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ بجلی کی بہتر سہولیات لوگوں تک پہنچانے کے لئے مزید لگن اور تندہی کے ساتھ کام کریں۔انہوں نے کہا کہ مرکزی سرکار ترقیاتی عمل کے لئے فراخدلانہ امداد فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی بہبودی کے لئے شروع کئے گئے پروجیکٹوں کو وقت پر مکمل کیا جانا چاہئے۔اس موقعہ پر بجلی محکمہ کے افسروں کے علاوہ کئی دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔