عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// اروناچل پردیش پولیس نے بدھ کو کہا کہ جموں و کشمیر کے دو افراد کو جاسوسی اور پاکستان میں مقیم ہینڈلرز سے مبینہ تعلق کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔یہ گرفتاری اس وقت کی گئی جب ان میں سے ایک مبینہ طور پر ریاست میں فوج اور نیم فوجی نقل و حرکت سے متعلق حساس فوجی معلومات اکٹھا اور منتقل کرتا پایا گیا۔چمپو پولیس سٹیشن کے انچارج کی طرف سے درج کرائی گئی پہلی معلوماتی رپورٹ(ایف آئی آر)کے مطابق، پہلا مشتبہ شخص، جس کی شناخت نذیر احمد ملک ساکن کپواڑہ کو 22 نومبر کو گنگا گائوں میں کرائے کے مکان سے اس کی سرگرمیوں کے بارے میں “معتبر اور قابل عمل” انٹیلی جنس معلومات کے بعد حراست میں لیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق، ملک نے فوجیوں کی تعیناتی کی تفصیلات اور فوجی تنصیبات کے بارے میں معلومات غیر ملکی ہینڈلرز کے ساتھ خفیہ ٹیلی گرام چینلز کے ذریعے شیئر کرنے کا اعتراف کیا۔پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس نے سیکورٹی اداروں کو غیر مستحکم کرنے کے مقصد سے دھماکہ خیز مواد رکھنے اور آتش زنی سمیت کارروائیوں کے لیے ہدایات موصول ہونے کا بھی انکشاف کیا۔ملک سے برآمد ہونے والے دو موبائل فونز کی جانچ پڑتال کی گئی۔ملک کے بیان کی بنیاد پر، پولیس نے بعد میں صابر احمد میرساکن کپواڑہ ، کو ایٹا نگر کے آبوتانی کالونی علاقے سے گرفتار کیا۔انہوں نے بتایا کہ یہ گرفتاریاں اروناچل پردیش کے باہر سے “اہم انٹیلی جنس معلومات” کے بعد کی گئیں۔افسر نے کہا، “ان کا مرکزی ہینڈلر، جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ ریاست سے باہر کام کر رہا ہے، ابھی تک لا پتہ ہے۔ دونوں ملزمان عدالتی حراست میں ہیں۔ کیس کی سختی سے پیروی کی جا رہی ہے کیونکہ یہ قومی سلامتی سے متعلق ہے،” ۔ایف آئی آر میں نوٹ کیا گیا ہے کہ میر کے فون سے ڈیلیٹ کیے گئے ڈیٹا نے جاسوسی کے وسیع نیٹ ورک میں اس کے ملوث ہونے کے بارے میں شبہات کو تقویت دی ہے۔پولیس کے ابتدائی جائزے سے پتہ چلتا ہے کہ دونوں افراد “دشمن غیر ملکی کارندوں” کے ساتھ مل کر کام کر رہے تھے اور قومی سلامتی سے سمجھوتہ کرنے اور امن عامہ کو خراب کرنے کے ایک بڑے منصوبے کا حصہ تھے۔