کولکتہ//ہندوستان کی کرکٹ ٹیم آج ایڈن گارڈن میں تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں جیت درج کرکے ویسٹ انڈیز کو تین۔صفر سے کلین سویپ کرنے کے مقصد سے اترے گی ۔ہندوستان فی الحال سیریز میں دو۔صفر سے آگے ہے ۔ ٹیم انڈیا نے اس سے پہلے ون ڈے سیریز بھی تین۔صفر سے کلین سویپ کی تھی۔ اگر ہندوستان یہ میچ جیت جاتا ہے تو وہ پورے دورے میں ویسٹ انڈیز کو کلین سویپ کر دے گا اور یہ اس کی دوسری کامیابی ہوگی۔ اس سے قبل 2017 میں، وراٹ کوہلی کی قیادت میں ہندوستان کی ٹیم نے سری لنکا کے دورے پر تینوں فارمیٹ (ٹیسٹ، ون ڈے ، ٹی 20) میں میزبان سری لنکا کو 0-9 سے کلین سویپ کیا تھا۔ ۔ اس کے علاوہ پاکستان اور نیوزی لینڈ نے دو دو جبکہ آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز نے ایک ایک بار ایسا کیا ہے ۔ ہندوستان کی ٹیم اچھی فارم میں نظر آرہی ہے خاص طور پر بلے بازی بہتر ہورہی ہے ۔گیندبازی اور فیلڈنگ میں حالانکہ کچھ کمی ہے لیکن پوری ٹیم کی کوششوں کی وجہ سے اس پر زیادہ اثر نہیں ہورہا ہے ۔ بلے بازی کی بات کریں تو روہت شرما، وراٹ کوہلی، سوریہ کمار یادو، رشبھ پنت اور وینکٹیش ایر بلے سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں حالانکہ کوہلی اور پنت تیسرے اور آخری میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔ ایسے میں شریس ایر، رتوراج گائیکواڑ اور دیپک ہڈا کو تیسرے میچ میں موقع مل سکتا ہے ۔ وہیں گیندبازی میں شاردل ٹھاکر، محمد سراج، اویس خان اور کلدیپ یادیو کو موقع دیا جا سکتا ہے ۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے رفتار پکڑ لی ہے لیکن وہ فتح کے قریب نہیں پہنچ پارہی ہے ۔ وکٹ کیپر نکولس پورن ٹیم کے لئے شاندار بلے بازی کررہے ہیں۔ پورن نے پہلے میچ میں 43 گیندوں پر 61 اور دوسرے میچ میں 41 گیندوں پر 62 رن بنائے ۔یو این آئی