عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
نئی دہلی// تہوار کے موسم کے پہلے ہفتے میں آن لائن مارکیٹ پلیس نے 54500 کروڑ روپے سے زیادہ کی اشیاء فروخت کی ہیں، جو کہ آنے والے مہینے کے دوران تخمینہ شدہ کل فروخت کا تقریباً 55 فیصد ہے۔ ڈیٹام انٹیلی جنس کے اعداد و شمار کے مطابق، ای کامرس پلیٹ فارم نے 2023 میں اسی دورانیہ کے مقابلہ پہلے ہفتہ میں 26 فیصد کا اضافہ درج کیا تھا۔ اس مدت کے دوران موبائل، الیکٹرانکس اور کنزیومر ڈیوریبلز، ہوم اور جنرل مرکنڈائز کی فروخت میں 75 فیصد سے زیادہ کی شراکت دری رہی۔تہواری سیزن کی سیل کا پہلا ہفتہ کافی اہم ہوتا ہے، جس کا گاہکوں کو بے صبری سے انتظار رہتا ہے۔ وہ اپنی خریداری کو ابتدائی ہفتہ تک موخر کر دیتے ہیں تاکہ انہیں تہوار کے سیزن میں رعایت اور پیشکشوں کا فائدہ مل سکے۔تہوار کے سیزن کی شروعات 26 ستمبر کو ہوئی۔ عین اسی وقت آن لائن شاپنگ پلیٹ فارم ایمیزون پر گریٹ انڈین فیسٹیو اور فلپ کارٹ پر بگ بلین ڈے سیل لائیو ہوئی۔ فیسٹیو مہینہ 3 نومبر تک جاری رہے گا اور اس دوران ایک لاکھ کروڑ روپے کا سامان فروخت ہونے کی توقع ہے۔رپورٹ کے مطابق، فیشن، گروسری، بیوٹی اور پرسنل کیئر سے وابستہ سامان کی فروخت میں 2-4 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔ اسمارٹ ٹی وی، ایئر فرایر، لگیج، سیکورٹی کیمرے، گدے، واٹر پیوریفائر، لیپ ٹاپ، ایئر کنڈیشنر، واٹر ہیٹر، واشنگ مشین، گھی، سوکھے میوے وہ دیگر وہ زمرے ہیں، جن میں گاہکوں نے سب سے زیادہ دلچسپی ظاہر کی۔تہوار کی خریداری کی سب سے بڑی وجہ آفر اور ای ایم آئی آپشن تھے، جس میں ٹی وی، واشنگ مشین، لیپ ٹاپ اور فرج کے 50 فیصد سے زیادہ گاہکوں نے ای ایم آئی کا آپشن منتخب کیا۔ کھلونے، کتابیں، کچن کی ضروری چیزوں کے زمروں میں پہلے ہفتہ کے دوران آرڈروں کی تعداد میں 2-5 گنا اضافہ دیکھا گیا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے، ’’گاہکوں کی توجہ اب کوئیک کامرس کی جانب مبذول ہو گئی ہے، جس میں کم اوسط فروختگی کی قیمتوں کے زمروں کا اہم کردار ہے۔ ان میں گروسری، بیوٹی اور پرسنل کیئر سے جڑی ہوئی چیزیں شامل ہیں۔‘‘