تھنہ منڈی //یکم جولائی کو ملک بھر کی ہی طرح سب ڈویژن تھنہ منڈی میں بھی ’ڈاکٹر ڈے ‘منایا گیا ۔اس موقعہ پر فوج کی جانب سے ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا تھا جس کے دوران بولتے ہوئے فوجی آفیسران نے کہاکہ ڈاکٹروں میں ہمیشہ ہی ایک صحت مند معاشرہ تشکیل دینے میں اہم کردارادا کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کورونا جیسی وبا کے دوران ڈاکٹروں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر لوگوں کی جان بچائی اور بہت سے ڈاکٹروں کی اس وبا کے سبب موت بھی ہو ئی۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹروں کی خدمات کے سلسلہ میں ہر برس یکم جولائی کو ’ڈاکٹر ڈے ‘منایا جاتاہے ۔ تھنہ منڈی کے ڈاکٹروں نے اس پروگرام میں حصہ لیا۔ڈاکٹروں کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے دو منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی ۔ اس پروگرام میں ڈاکٹر غلام چوہدری، ڈاکٹر ارچنا ، ڈاکٹر نیہا ، ڈاکٹر سعدیہ ، ڈاکٹر محمد اعجاز قریشی اور محکمہ صحت کے عملہ نے حصہ لیا۔