عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// جمعرات کی شام قریب چھ بجے ایک افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب آسمانی بجلی گرنے کے باعث تھنہ منڈی کے نواحی گاؤں عظمت آباد میں ایک رہائشی مکان مکمل طور پر جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا۔ ذرائع کے مطابق یہ مکان محمد غفور ولد احمد دین، ساکن عظمت آباد، کی ملکیت تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق گرج چمک کے ساتھ اچانک ایک زوردار آواز سنائی دی، جس کے فوراً بعد مکان میں آگ بھڑک اٹھی۔ دیکھتے ہی دیکھتے شعلوں نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں گھر کا تمام قیمتی سامان جل کر تباہ ہو گیا اور متاثرہ خاندان کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی بھرپور کوشش کی، تاہم آگ کی شدت کے پیش نظر مکان کو بچایا نہ جا سکا۔ خوش قسمتی سے اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، جو ایک بڑی غنیمت ہے۔ علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ خاندان کی فوری مالی امداد اور بازآبادکاری کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ وہ اس کڑے امتحان سے نکل سکیں۔