واین آئی
ساؤ پاؤلو/برازیل کے لیجنڈری فارورڈ اور ریکارڈ گول اسکورر نیمار جونیئر نے ان پر ہونے والی حالیہ تنقید کو “بکواس” قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنی فٹنس ثابت کر چکے ہیں اور کارلو اینچیلوٹی کے ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ کے مکمل حقدار ہیں۔نیمار، جو سال بھر گھٹنے کی سرجری اور مختلف انجریوں کے باعث میدان سے باہر رہے ، اب سانتوس کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا”میں جسمانی طور پر بہترین محسوس کر رہا ہوں اور ہر گزرتے میچ کے ساتھ میری کارکردگی بہتر ہو رہی ہے ۔ میں نے یہاں تک پہنچنے کے لیے سخت محنت کی ہے ، جبکہ لوگ میرے بارے میں طرح طرح کی باتیں کر رہے تھے جو کہ افسوسناک ہے ۔”نیمار کا کہنا ہے کہ انہوں نے خاموشی سے گھر پر اپنی فٹنس پر کام کیا اور اب وہ بالکل ٹھیک ہیں۔ برازیل کے کوچ اینچیلوٹی نے واضح کیا تھا کہ ورلڈ کپ اسکواڈ کے لیے نیمار کا مکمل فٹ ہونا لازمی ہے ۔ اتوار کو کوریٹیبا کے خلاف میچ کے دوران نیمار کو غلطی سے تبدیل کیے جانے پر انہوں نے شدید احتجاج بھی کیا، جو ان کے بقول ایک غلط فہمی تھی۔