تمام کاروباری افراد کی مدد جاری رہے گی: چیئرمین جے کے بنک

سرینگر// جموں وکشمیر بنک کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر آر کے چھبر نے بینک کے کارپوریٹ ہیڈ کوارٹر میں اعلیٰ کثافتی سیب ’’ہائی ڈینسٹی ایپل‘‘ پروجیکٹوں سے وابستہ کاروباری افراد کے وفد سے بات چیت کی۔بات چیت کے دوران بنک کے ایگزیکٹیوپریزیڈینٹ سنیل گپتا ، سی ایم ڈی کے خصوصی سیکریٹری کرنجیت سنگھ اور بنک کے دیگر عہدیدار موجود تھے۔ کسانوں کی نمائندگی فروٹ ماسٹر ایگرو فریش پرائیویٹ لمیٹڈ کے فیصل برزہ ، کشمیر ڈویلپرز کے محسن حسن ، ایچ این ایگری سروسز کے جنید صدیق اور گولڈن ایگری سے فیصل نے کی۔جموں کشمیر  بنک کو معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے ، کاروباری نمائندوں نے کوڈ – 19 وبائی امراض کے دوران بنک کی کوششوں کو سراہا۔ معیشت میں بینک کے کردار پر تبصرہ کرتے ہوئے نمائندوں نے کہا کہ جے کے بینک ہمیشہ کاروباریوں کے شانہ بہ شانہ رہا ہے اور یہ کام اب بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔ وفد نے ہائی ڈینسٹی اسکیم کے تحت قرضوں کی واگزاری کو آسان بنانے کے متعلق کچھ اقدامات تجویز کیے۔سی ایم ڈی نے کسانوں کو ان کی پیداوار کے معیار اور مقدار میں اضافے میں مدد دینے میں ان تاجروں کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہائی ڈینسٹی ایپل مہم کاروں کی کاوشوں سے کاشتکاروں کو  اپنی پیداوار کو اگلی سطح تک لے جانے میںمددملے گی۔ سی ایم ڈی نے وفد کو یقین دلایا کہ بنک ریگولیٹری رہنما خطوط کے دائرے میں رہتے ہوئے تمام تجاویز کا خیال رکھنا یقینی بنائے گا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بنک نے لیکویڈیٹی کے ساتھ راحت کا اظہار کرتے ہوئے کہا’’ہماری لیکویڈیٹی ضرورتوں کے مطابق مسلسل قرضے جاری رکھنے کے لئے کافی ہے۔ ہمارے عملے نے کوویڈ 19 وبائی امراض کے دوران بھی صارف کو بینکاری خدمات فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی‘‘۔ انہوں نے کہا کہ’’ حکومت کی مدد سے جے اینڈ کے بنک تاجروں کی حمایت جاری رکھے گا۔ہم تمام کاروباری اداروں کے کاروباری افراد کی مدد جاری رکھیں گے۔ ترقی میں ان کے شراکت دار ہونے کے ناطے ہم اپنے کاروباری افراد کی ترقی کویقینی دیکھنا چاہتے ہیں‘‘۔