عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// بارہمولہ کے رکن پارلیمنٹ انجینئر رشید نے مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز نتن گڈکری سے ملاقات کی جس دوران شمالی کشمیر کے متعدد اہم رابطہ مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عوامی اتحاد پارٹی نے کہا کہ وزیر نے یقین دلایا کہ پٹن مارکیٹ کو چوڑا کرنے اور پٹن بائی پاس کے جاری کاموں میں تیزی لائی جائے گی اور بارہمولہ دلینہ-کانی پورہ فلائی اوور کو جلد مکمل کرنے پر توجہ دی جائے گی۔گڈکری جی نے علاقائی نقل و حرکت کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے، لولاب کے درد پورہ،بانڈی پورہ اور تکی پورہ سوپور روڈ کنیکٹوٹی سمیت نئے مجوزہ روڈ لنکس پر بھی مثبت یقین دہانی کرائی۔ گڈکری نے ایم پی انجینئر رشید کو بتایا کہ “آپ کے جیل میں رہنے سے آپ کے علاقے کی ترقی میں کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی اور یقین دلایا کہ حلقہ کی تمام ترقیاتی ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔وزیر نے مژھل اور گریز سرنگوں کے حوالے سے عزم کا اظہار کیا اور سرحدی علاقوں میں ہر موسم میں رسائی کے لیے ان کی ضرورت کو تسلیم کیا۔