سرنکوٹ//نیشنل کانفرنس کے سینئرنائب صدر و سابق وزیر سید مشتاق احمد شاہ بخاری نے کہاہے کہ لوگوں کو بیوقوف بنانے سے ترقی نہیں ہوسکتی اور اب بلیک میلنگ کا زمانہ بیت گیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ مخلو ط سرکار کاجنازہ نکلنے والاہے اور لوگوں کو بہت جلد جبرو استبداد سے آزادی ملے گی ۔ انہوںنے کہاکہ نیشنل کانفرنس اکثریت سے حکومت تشکیل دے گی ۔انہوںنے ان باتوں کا اظہار اپنے دورہ ٔ بہرام گلہ کے دوران کیا ۔بخاری نے کہا کہ یہاں پر لوگوں کو الگ طریقے سے بیوقوف بنایا جا رہا ہے اور کوئی بیس لاکھ کی لالچ دے رہا ہے تو کوئی دس لاکھ کی لالچ دے رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ لوگ خود ہی بتائیں کہ کیا یہ سڑکیں دس لاکھ میں بن جائیںگی اور ان کی حالت کیا ہوگی ۔انہوںنے کہاکہ تعمیروترقی کے نام پر لوگوںسے مذاق نہ کیاجائے ۔اس موقعہ پر سابق سرپنچ بہرام گلہ اور مقامی لوگوںنے بتایاکہ یہاں تعمیروترقی کے کام ٹھپ پڑے ہیں اور موصوف کے اقتدار سے چلے جانے کے بعد کوئی کام نہیں ہواجبکہ مغل شاہراہ کی حالت بھی خراب ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بجلی کا کوئی شیڈیول نہیں اور پانی کی پائپیں ٹوٹی ہوئی ہیں ۔ سابق وزیرنے بہرام گلہ میںکچھ گھروں میں ہوئی حالیہ اموات پرلواحقین سے تعزیت پرسی بھی کی ۔