کشتواڑ// ضلع کے دو اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں نے ضلع میں کاروبار کا ایک نیا تصور آن لائن کاروبار شروع کیا ہے، جس کے تحت گاہکوں کو اپنے گھروں میں کھانے و دیگر اشیاء فراہم کی جائیں گی۔ہوم ڈیلوری کے اس نئے تصور کو ریاست کے دور دراز علاقہ میں شروع کرنے کے لئے انجینرنگ کے دو طلاب جاوید مسعود نشاط (بی ٹیک سول) اور عثمان کچلو (بی ٹیک الیکٹرکل) نے کہا کہ ہمارے ذہن میں اس کاروبار کا تصور انجینئرنگ کی پڑھائی کے دوران ہی پیدا ہوا اور اب اس تصور کو زمینی سطح پر لاگو کیا۔جاویدنے کہا کہ کوالفکیشن حاصل کرنا فقط ملازمت حاصل کرنا نہیں ہے ،اُس نے کہا کہ ڈگری حاصل کرنے سے ہمیں اپنی زندگی میں کمائی کرنے کے نئے نئے مواقعے میسر ہوتے ہیں۔اُس نے کہا کہ کاروبار ایک اچھی بات ہے اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ تعلیم حاصل کرنے کے بعداس جانب مثبت رویہ اپنائیں۔ضلع میں ہوم ڈیلوری سسٹم کو متعارف کراتے ہوئے عثمان کچلو نے کہا کہ ہم تمام فوڈ ائیٹمز بشمول پھل اور سبزیاں و دیگر جنک فوڈ مہیا کرتے ہیں اور یہاں تک کہ ہم الیکٹرکل، الیکٹرانکس، فُٹ وئیر، ریڈی میڈ ائیٹمز گاہکوں کو ایک فون کلا پر انکے گھر پر پہنچانے کی کوش کر رہے ہیں۔اُس نے مزید کہا کہ دودھ اور اخبار بھی صُبح سویرے گاہکوں کو گھروں تک پہنچائے جائیں گے۔اُس نے بتایا کہ یہ ہوم ڈیلوری سسٹم قصبہ کے تین کلو میٹر کے دائرہ میں فراہم کی جائے گی۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے تعلیم یافتہ اور غیر تعلیم یافتہ نوجوانوں کو صلاح دی کہ وہ سوسائٹی کے لئے نئے نئے خیال لائیں اور منفی کاروائیوں میں ملوث نہ رہیں۔