ادھمپور//لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا نے اساتذہ طبقے اور تعلیمی اداروں پرزوردیا ہے کہ وہ مستقبل پر مرکوز،اقدار پر مبنی اورنمونہ تعلیمی نظام کواپنائے۔انہوں نے کہا کہ سماجی تبدیلی میں تعلیم ایک اہم اور طاقتورذریعہ ہے۔ ہمارے لڑکوں اور لڑکیوں پرلازمی ہے کہ وہ اپنے اسکولی ایام سے ہی سائنسی مزاج ،سنجیدہ سوچ ،دانش اور اقدار کواپنے میں پیداکریں تاکہ ان کی شخصیت میں نکھار آجائے۔لیفٹیننٹ گورنرنے کہا ،’’معیاری تعلیم ہمہ جہت ترقی ، کنبے اورسماج کی اقتصادی بہبودی کو یقینی بناتی ہے۔تعلیم ملک کی ترقی کااہم ستون ہے۔سنت ایشور فائونڈیشن کی کوششیں،بے لوث خدمت خوشحالی لاسکتی ہیں اوراقتصادی ترقی میں کرداراداکرسکتی ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنرنے قومی تعلیمی پالیسی 2020کوبھی اُجاگر کیااورکہا کہ یہ ملک کی اقتصادی خوشحالی کی نقش راہ ہے۔ لیفٹیننٹ گورنرنے ان باتوں کااظہارادھمپور میں سنت ایسورفائونڈیشن کے احاطے کاافتتاح کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے بھارتیہ ودیامندرودیالیہ کے سالانہ دن تقریب سے بھی خطاب کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سنت ایشورفائونڈیشن نے عوامی خدمات اوربہتر تعلیم کی فراہمی میں اہم رول اداکیا ہے۔ اس سے قبل منوج سنہانے طلاب سے بھی تبادلہ خیال کیاجنہوں نے روبوٹکس پرمبنی اپنے ماڈل اورپروٹوٹائپ نمائش کیلئے رکھے تھے۔