عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سنٹرل شالٹینگ اسمبلی حلقے سے تعلق رکھنے والے سماجی اور سیاسی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے کل سرینگر میں اپنی پارٹی کے صدر دفتر میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر پارٹی سربراہ سید محمد الطاف بخاری اور دیگر سینئر رہنماؤں نے نئے اراکین کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔اس موقعے پر سید محمد الطاف بخاری نے شالہ ٹینگ کے سیاسی و سماجی کارکنوں کی اپنی پارٹی میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا پارٹی میں شامل ہونا محض ایک سیاسی قدم نہیں بلکہ اس بات کا قوی عندیہ ہے کہ پارٹی کا وڑن اور پالیسیاں عوام میں اثر انداز ہو رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا، ’’اگرچہ اپنی پارٹی 2024 کے اسمبلی انتخابات میں کامیاب نہیں ہو سکی، لیکن حقیقت یہ ہے کہ لوگ بتدریج ہمارے قریب آ رہے ہیں۔ وہ ہمارے اس طریقہ کار پر یقین رکھتے ہیں جو سچائی، شفافیت اور دیانتداری پر مبنی ہے۔’’پارٹی کے طویل المدتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بخاری نے زور دیا کہ اپنی پارٹی جموں و کشمیر میں امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے لیے مسلسل کام کرتی رہے گی۔
انہوں نے یقین دلایا کہ پارٹی خاص طور پر نوجوان نسل کے لیے ایک محفوظ اور امید افزا مستقبل کی تعمیر پر مرکوز ہے۔انہوں نے کہا، ’’ہم اپنی نوجوان نسل اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک بہتر کل کی تشکیل کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔ ہمارا مشن واضح ہے۔ وہ یہ کہ ہم جموں و کشمیر میں خوشحالی، ترقی اور استحکام لانا چاہتے ہیں۔‘‘ پارٹی رہنماؤں اور نئے اراکین نے خطے اور اس کے عوام کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنے کا عہد کیا۔ پارٹی جوائن کرنے والوں میں سابق ضلع صدر حریت معراج الدین راتھر، جنرل سیکریٹری ٹریڈ یونین عامر میر، سرکردہ پی ڈی پی کارکن سمیر احمد لون، مظفر حسین ڈار، غلام حسین ڈار، غلام محمد یتو، عاقب جاوید، حسینہ بانو، آمنہ اور ان کے ساتھی شامل ہیں۔ ان تمام اشخاص کا تعلق سنٹرل شالہ ٹینگ حلقہ انتخاب سے ہے۔ ان کی شمولیت یقینی بنانے اور اس تقریب کا انعقاد کرانے میں پارٹی کے نائب صدر سرینگر اور حلقہ انچارج سنٹرل شالہ ٹینگ ظفر حبیب کا کلیدی کردار ہے۔