ترال کے کانسٹیبل کی ریاسی میں دوران ڈیوٹی خود کشی

جموں/یو این آئی/ ضلع ریاسی کے تلوارا علاقے میں پولیس کے ایک اہلکار نے اپنی ہی سروس رائفل سے اپنا کام تمام کردیا۔پولیس نے بتایا کہ آئی آر پی کے فسٹ بٹالین کے سلیکشن گریڈ کانسٹیبل نے جمعرات کی صبح اپنی ہی سروس رائفل سے اپنے آپ کو گولی مار دی جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہوئی۔متوفی پولیس اہلکار کی شناخت جاوید احمد ڈار ولد غلام احمد ڈار ساکن لالپورہ کہلیل ترال کے بطور ہوئی ہے۔جمعرات کی صبح جب جاوید کی ہلاکت کی اطلاع انکے اہل خانہ کو دی گئی تو یہاں کہرام مچ گیا ۔ جاوید اپنے والدین کااکلوتا کمانے والا سہارا تھا۔ پولیس نے کہا ہے کہ پولیس اہلکار گارڈ ڈیوٹی پر تعینات تھا جب اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا، وجوہات معلوم کرنے کے بارے میں تحقیقات کی جار ہی ہے۔