گول//ریاست کا مشہور گرم چشمہ تتا پانی جہاں پر سیزن شروع ہو گیا اور ہر سال یہاں پر ہزاروں کی تعداد میں ریاست و بیرون ریاست سے ایسے مریضوں کا آنا زیادہ تر ہوتا ہے جو جوڑوں کے درد ،معدے اور دوسرے بیماریوں میں مبتلا ہوتے ہیں اور یہاں پر شفا پانے کے لئے جہاں مقامی لوگوں کا تانتا بھاندا رہتا ہے وہیں ریاست و بیرون ریاست سے بھی لوگ آتے ہیں ۔ آج سے سیزن شروع ہو گیا اوراس سلسلے میں مقامی لوگوں نے آج ایک استقبالیہ لنگرکا بھی اہتمام کیا ۔ اس موقعہ پر آنے والے لوگوں نے سنگلدان سے تتا پانی تک سڑک کی حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی حالت کو بہتر بنانے کی مانگ کی ہے ۔ لوگوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتنا بڑا مشہور گرم چشمہ لیکن یہاں پر سہولیات نہ کے برابر ہیں ۔ وہیں بیت الخلاء ، چشمے کے نزدیک صفائی ستھرائی پر بھی لوگوں نے بات کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ اس اللہ کی نعمت پر لوگوں کے لئے سہولیات رکھیں اور وہیں لوگوں کا بھی فرض بنتا ہے کہ وہ یہاں پر صفائی کا خیال رکھیں ، راستے میں گندگی نہ ڈالی ۔لوگوں نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہاں پر غیر قانونی تجاوزات کی وجہ سے بھی جگہ تنگ ہو گئی ہے اور سالہا سال سے آہستہ آہستہ غیر قانونی تجاوزات جاری ہیں ۔ لوگوں نے اس موقعہ پر گورنر این این ووہرا سے اپیل کی کہ وہ اس مشہور چشمے کا دورہ کریں اور یہاں پر اس کو مزید جاذب نظر بنانے اور عوامی سہولیت سے متعلق مزید اقدامات اٹھانے کی ہدایات کریں مزید ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن سے بھی لوگوں نے جلد از جلد اس جگہ کا دورہ کرنے اور یہاں پر جائزہ لینے کی اپیل کی ۔ وہیں اس دوران نیشنل کانفرنس کی لیڈر ڈاکٹر شمشادہ شان نے بھی تتا پانی کا دورہ کیا اور یہاں پر حالات کا جائزہ لیا اور کہا کہ انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ آنے والے لوگوں کے لئے بہتر سہولیت رکھیں اور عوام سے اپیل کی وہ اس نایاب چشمے کی قدر کریں اور گندگی وغیرہ نہ ڈالیں ۔