جموں//جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی ماحولیاتی کمیٹی کی میٹنگ آج یہاں ایم ایل اے ایم وائی تاریگا می کی صدارت میں منعقد کی گئی ۔ اس دوران کمیٹی نے اسمبلی کی تیسری رپورٹ کا جائزہ لیا جسے حال ہی میں ایوان میں پیش کیا گیاتھا۔ کمیٹی نے ریاستی حکومت پر زور دیا کہ وہ ریاست میں پالتھین تھیلوں پر مکمل پابندی عائد کر کے اس حوالے سے عدالت عالیہ کے حکمنامے کی عمل آوری من و عن یقینی بنائیں۔ارکان اسمبلی محمد یوسف بٹ ، محمد عباس وانی، عبدالرحیم راتھر ، بشیر احمد ڈار ، دلیپ سنگھ پریہار ، نیلم کمار لنگے ، گلزار احمد وانی اور اشفاق احمد شیخ نے میٹنگ میں شرکت کرکے ریاست کو آلودگی سے پاک کرانے کے لئے اپنی اپنی تجاویز سامنے رکھیں۔کمیٹی نے قومی شاہراہ کے رام بن سے بانہال تک کے حصے پر سست رفتاری ہو رہے کام پر تشویش کا اظہار کیا۔کمیٹی نے تعمیراتی کمپنی گیمون انڈیا لمٹیڈ کو ہدایت دی کہ وہ اس پٹی بالخصوص میترا سے رام بن تک کے حصے کو چار گلیاروں والی بنانے کے کام میں تیزی لائے ۔اس دوران کمیٹی نے کئی دیگر معاملات کو بھی زیر بحث لایا۔ ارکان نے ریاست میں ماحولیات کو تحفظ بخشنے کے حوالے سے اپنی اپنی آرأ پیش کیں۔دیگر لوگوں کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری اسمبلی نسیم جان نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔